|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2016

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو قومی ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کردیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سرفراز احمد قومی ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان مقرر کیئے گئے ہیں ،سابق کپتان شاہد آفریدی کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد سرفراز احمد کو کپتان بنانے کی خبریں گردش کررہی تھیں ۔سرفراز احمد 21 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ 58 ایک روزہ اور ٹی ٹوینٹی کے 21 میچوں میں اپنی صلاحتیوں کے جوہر دکھاچکے ہیں ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ ٹی ٹوینٹی میچ 5 ماہ بعد انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی ۔ واضح رہے کہ سرفراز احمد پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈئرز کی قیادت کرچکے ہیں اور وہ قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان بھی ہیں ۔ دوسری جانب میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان ٹی ٹوینٹی ٹیم کے نو منتخب کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آج میری زندگی کا بہت اہم اور بڑا دن ہے کیوں کہ قومی ٹیم کی قیادت اعزاز کی بات ہےجس پر اللہ کا شکر گزار ہوں ۔ نومنتخب کپتان کا کہنا تھا کہ میں نے مصباح الحق ، یونس خان سے کپتانی کے بہت سے گر سیکھے اور شاہد آفریدی سے بڑا سپر اسٹار نہیں دیکھا ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاؤں گا ۔ سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں سیکھنے کے بے حد مواقع تھے اور اس دوران ویون رجرڈز کے مشوروں نے بہت اعتماد دیا ۔ کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں اور قیادت کے درمیان اچھے تعلقات کی اشد ضرورت ہے ٹیم میں کوئی بھی ایسا کھلاڑی نہیں جسے غصے یا ڈانٹ سے سمجھانا پڑے ۔ کوشش ہوگی کہ کرکٹ بورڈ اور کھلاڑی میری اور میں ان کی بات سمجھوں اور پوری ٹیم کو ساتھ  کر چلوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش کروں گا کہ ایک بہترین ٹیم تشکیل دی جائے جو دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرے ۔