|

وقتِ اشاعت :   April 7 – 2016

کوئٹہ :  قلات کے علاقے میں فرنٹیر کور بلوچستان اور حساس ادارے کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 15شدت پسند ہلاک ہوگئے ایف سی نے شدت پسندوں 2کیمپوں کو تباہ کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ قبضے میں لے لیا فائرنگ سے 2سیکورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔حکومت بلوچستان کے ترجمان انوارالحق کاکڑ نے بتایا کہ بدھ کو قلات کے علاقے جوہان میں فرنٹیر کور بلوچستان اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا تو شدت پسندوں نے فائرنگ شروع کردی سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران 15شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ سے 2سیکورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ ترجمان نے بتایا کہ فرنٹیر کور اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے 2کیمپوں کو بھی مسمار کرکے وہاں سے بھاری تعداد میں اسلحہ قبضے میں لے لیا جس میں کلاشنکوفیں ، بم ،دھماکہ خیز مواد اور دیگر تخریب کاری میں استعمال ہونے والا سامان قبضے میں لے لیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے شدت پسند سیکورٹی فورسز پر حملوں ، ٹارگٹ کلنگ ،بم دھماکوں اوردیگر تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔