|

وقتِ اشاعت :   April 11 – 2016

 اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اعتزاز احسن کو پاناما لیکس پر بات کرنے سے روک دیا۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا تو پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے پاناما لیکس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جو معاملہ پارلیمنٹ پرسیاہ سایہ ڈالے ہوئے ہیں وہ انتہائی سنگین ہے، صبح سےشام تک جس معاملے پربحث ہورہی ہے وہ وزیراعظم کےخاندان سے متعلق ہے، پاناما لیکس میں لگے الزامات ہمارے سیاسی مستقبل سے وابستہ ہیں۔ اس موقع پر اسپیکر ایاز صادق نے اعتزاز احسن کو پاناما لیکس پر بات سے روکنے کی کوشش کی اور کہا کہ پاناما لیکس پر قومی اسمبلی میں 2 دن بحث ہوچکی ہے اس لئے اگر اعتزاز احسن بات کرنا چاہتے ہیں تو سینیٹ میں جاکر بات کریں۔ رہنما پیپلزپارٹی اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ یہ سب سے مقتدر فورم ہے،یہاں بات ہونا ضروری ہے، ٹیکس اداکرنےکی تلقین کرنے والوں پرٹیکس چوری کےالزامات لگےہیں، پارلیمنٹ کا مستقبل نواز شریف سے منسلک ہے، امید تھی کہ وزیراعظم کھل کر بات کرنے کی اجازت دیں گے جب کہ ہمیں یقین ہے کہ الزامات غلط ہوں گے لیکن جاننا چاہتے ہیں کہ حکومت شریف خاندان پر لگے الزامات پر کیا کر رہی ہے۔