اسلام آباد: وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی وزرا اور (ن) لیگی رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے جس میں پاناما لیکس پر انکوائری کمیشن بنانے کے معاملے پر مشاورت جاری ہے۔
وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی وزرا اور (ن) لیگی رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے جس میں پرویز رشید، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق اور دیگر شریک ہیں۔ اجلاس میں پاناما لیکس پر تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران جسٹس ریٹائرڈ سرمد جلال عثمانی کو انکوائری کمیشن کا سربراہ بنانے کے معاملے اور ان کی جانب سے سامنے آنے والی شرائط کے امور زیرغور ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس (ر) سرمد جلال عثمانی نے انکوائری کمیشن کا سربراہ بننے کے لئے قابل چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ، اچھی شہرت رکھنے والے پولیس افسر اور بینکنگ امور کے ماہر ایف آئی اے افسر فراہم کرنے کی شرط رکھی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جنہوں نے اپنی غیرموجودگی میں تمام ذمہ داریاں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو سونپی ہیں۔
اسحاق ڈار کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں اہم اجلاس، پاناما لیکس پر کمیشن کی تشکیل پرغور
وقتِ اشاعت : April 18 – 2016