اسلام آباد: ایف آئی اے نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا ساتویں مرتبہ عبوری چالان پیش کردیا ہے۔
اسلام آباد میں ایف آئی اے کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کئے گئےعبوری چالان میں محسن علی مرکزی ملزم جبکہ خالد شمیم اور معظم علی سہولت کار قرار دیا گیا ہے۔ عبوری چالان میں کہا گیا ہے کہ معظم اور خالد شمیم نےقتل کی سازش میں معاونت کی جب کہ محسن علی نے واردات کی۔ چالان میں ملزمان محسن علی اور خالد شمیم کے اقبالی بیانات کے علاوہ میں ان 4 ٹریول ایجنٹس کے بیانات بھی شامل ہیں جنہوں نے محسن اور کاشف کو لندن کے لیے ویزوں اور ٹکٹوں کا بندوبست کیا تھا۔ اس کے علاوہ محسن علی کے بین الاقوامی سفر کی ساری تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ملزم معظم علی خان کی درخواست ضمانت پر فریقین کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے عمران فاروق قتل کیس کا چالان 6 مرتبہ پیش کرچکی ہے لیکن ہر مرتبہ عدالت نے اس پر قانونی اعتراضات لگائے تھے۔
عمران فاروق قتل کیس کا عبوری چالان عدالت میں پیش، محسن علی مرکزی ملزم
وقتِ اشاعت : April 18 – 2016