|

وقتِ اشاعت :   April 21 – 2016

نئی دہلی: ہندوستانی ریاست پنجاب میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی 7 ماہ کی بیٹی کا ریپ کرنے والے نوجوان کے ہاتھ کاٹ ڈالے۔ پنجاب کے شہر ہتھنڈا میں 17 سالہ نوجوان کو 2014 میں پرمیندر سنگھ کی 7 ماہ کی بیٹی کے ریپ کے الزام میں مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس کے مطابق 25 سالہ پرمیندر سنگھ نے مذکورہ نوجوان کو ضلع بتھنڈا کی مقامی عدالت میں پیشی کے وقت روک لیا اور اسے عدالت کے باہر ہی تصفیہ کی پیشکش کی بعد ازاں اس نے ملزم کو ایک درخت سے باندھا اور اس کے دونوں ہاتھ کاٹ دیئے۔ بتھنڈا کے سینیئر پولیس افسر سواپن شرما کے مطابق پرمیندر سنگھ نے نوجوان کو ایک نہر کے کنارے لے جاکر تشدد کا نشانہ بنایا۔ سواپن شرما نے تصدیق کی کہ ملزم کو ایک درخت سے باندھ کر اس کے دونوں ہاتھ کاٹ کاٹے گئے۔ پرمیندر سنگھ نے بیٹی کا ریپ کرنے والے ملزم کے ہاتھ کاٹنے کے بعد اسے نہر کے قریب پھینک دیا اور فرار ہو گیا۔ پولیس افسر کے مطابق مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس نے نوجوان کو ہسپتال منتقل کیا، تاہم انھوں نے بتایا کہ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ سواپن شرما نے بتایا کہ پولیس پرمیندر سنگھ کی تلاش میں ہے اور اس کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اپریل 2014 میں بچی کی والدہ نے ملزم کو اپنی بیٹی کا ریپ کرتے ہوئے دیکھا، جس کے بعد پولیس نے اس کے خلاف ریپ کے الزام کے تحت مقدمہ درج کرکے اسے نابالغوں کے بحالی مرکز بھیج دیا تھا جبکہ کیس کی سماعت زیرِ التواء ہے۔