اسلام آباد: وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ گوادر بہت جلد جدید صنعتی پورٹ سٹی بن جائیگا بلوچستان اور علاقے کے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی آئیگی وہ جمعہ کو یہاں وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اﷲ خان زہری سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گوادر بہت جلد ایک جدید صنعتی پورٹ سٹی بن جائے گا اور اس سے بلوچستان اور علاقے کے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی آئے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم بلوچستان کے عوام کو بااختیار بنانے اور انہیں زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے قابل بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے وزیراعظم کو صوبے میں جاری مختلف فلاحی سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام کی بحالی کے بعد توجہ کا محور صوبے کو ملک کے بقیہ حصے کے برابر لانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کوئٹہ شہر کے لئے ترقیاتی اور بہتری کے پیکیج کے اعلان سمیت صوبہ بھر میں بھرپور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ منصوبہ جات کے آغاز پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ سردار ثناء اﷲ خان زہری نے بلوچستان میں ترقیاتی سکیموں کو ترجیح دینے پر وزیراعظم کی قیادت کو سراہا جس سے یقیناصوبے کے عوام کی عشروں پرانی محرومیوں کا ازالہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور بلوچستان کے عوام وفاقی حکومت کے مشکور ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بلوچستان ان کے دل کے قریب ہے اور وہ ذاتی طور پر صوبے میں جاری منصوبوں پر پیشرفت کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک بھر میں ترقیاتی ایجنڈے کی سرگرمی سے پیروی کر رہی ہے۔ بلوچستان کے عوام کی سماجی و اقتصادی بہتری اولین ترجیح ہے۔