|

وقتِ اشاعت :   April 26 – 2016

کوٹلی ستیاں: وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ہماری سیاست ترقی و خوشحالی کی سیاست ہے ،دھرنے، جھوٹ اور تباہی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے،حکومت نے پاکستان کی ایک ایک پائی کو امانت سمجھ کر خرچ کیا ، کراچی میں امن قائم ہوچکا ہے اور کاروبار زندگی ایک مرتبہ پھر رواں دواں ہے،غربت کے خاتمے کے لئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے، ہماری بہادر فوج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مصروف عمل ہے،3 سال قبل ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے ہوتے تھے لیکن اب اس میں کمی آئی ہے، موجودہ حکومت نے بجلی کے تین منصوبوں میں ملکی خزانے کے 100 ارب روپے بچائے،عوام جتنی مجھ سے محبت کرتے ہیں میں ان سے بڑھ کر محبت کرتا ہوں، میری خواہش ہے کہ پاکستان کے چپے چپے میں ہسپتال ہوں،کوٹلی ستیاں کے ایک ایک گھر میں بجلی و گیس فراہم کی جائے گی،یہ وعدے آئندہ انتخابات سے پہلے پورے کریں گے ،کوٹلی ستیاں کو موٹروے کے ذریعے جہلم، میرپور اور آزاد کشمیر سے ملایا جائے گا، مظفر آباد موٹروے کا سروے جاری کر دیا گیا، جس پر بھاری رقم خرچ ہو گی۔ وہ پیر کویہاں کوٹلی ستیاں میں عوامی جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کوٹلی ستیاں میں جدید ہسپتال بنانے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں قدرتی آفت کی تباہ کاری کا پتہ چلا تو متاثرین سے خود ملنے کا فیصلہ کیا،آج 26برس بعد پھر کوٹلی ستیاں کی عوام میں موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ26سال میں بہت سیاسی اتارچڑھاؤ آئے، مجھے جیل کی کال کوٹلی میں14مہینے اورپھر8سال اپنے وطن کی عوام سے دور جلاوطنی میں گزارنے پڑے، عوام جتنی مجھ سے محبت کرتے ہیں میں ان سے بڑھ کر ان سے محبت کرتا ہوں،وزیراعظم نے سیلاب متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کئے اور باقی ماندہ متاثرین کو 24گھنٹوں میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کوٹلی ستیاں کو موٹروے کے ذریعے جہلم، میرپور اور آزاد کشمیر سے ملایا جائے گا، مظفر آباد موٹروے کا سروے جاری کر دیا گیا ہے، جس پر بھاری رقم خرچ ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کا الیکشن جیتا تو ترقی لانے اور غربت ختم کرنے کا عزم لے کر آئے، ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کے چپے چپے میں ہسپتال ہوں،3سال پہلے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف ملک گیر مظاہرے ہوتے تھے اور لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا چیلنج بہت بڑا تھا، جسے ہم نے کھلے دل سے قبول کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم لوڈشیڈنگ کو 70فیصد تک کنٹرول کر چکے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں دوبارہ امن قائم ہو چکا ہے، ہمیں دہشت گردی ختم کرنے کا بھی بڑا چیلنج درپیش تھا اور آج ملک میں بڑی حد تک دہشت گردی ختم ہو چکی ہے، اگر مکمل طور پر دہشت گردی ختم کرنی ہے تو ملک سے غربت کا خاتمہ کرنا ہو گا،ہمیں امید ہے کہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت مکمل طور پر جلد ختم ہو جائے گی، دہشت گردی کے خلاف فوج، پولیس اور دیگر اداروں کا کردار بے مثال ہے، پاکستان کے عوام نے بھی دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے ثمرات پورے ملک کو ملیں گے،بجلی کی پیداوار کے تین منصوبوں میں ہم نے قومی خزانے کے 100 ارب روپے بچائے، ہم کوٹلی ستیاں کی بڑی سڑک کی مکمل تعمیر نو کریں گے، کہوٹی سے کلیاری تک سڑک کو جلد مکمل کرلیا جائے گا، ملک میں شاہراؤں کے تمام منصوبے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بنائے، اسلام آباد سے مری ایکسپریس وے کو مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہی شروع کیا اور لاہور سے کراچی موٹروے کی تعمیر کا کام شروع ہونے والا ہے اور وہ بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کرے گی۔ نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں فروغ سیاحت سے روزگار کے مواقعے پیدا ہوں گے، ہماری سیاست ملکی خوشحالی کی سیاست ہے، ہم ملک کی تباہی اور جھوٹ بولنے کی سیاست نہیں کرتے اور نہ ہی دھرنوں کی سیاست کرتے ہیں، ہم صرف ملک سے غربت کے خاتمے کی سیاست کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کوٹلی ستیاں کے ایک ایک گھر میں بجلی اور گیس فراہم کی جائے گی اور یہ وعدے آئندہ انتخابات سے پہلے پورے کریں گے۔