تیانجن (چین ): وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے گڈانی اور گوادر میں چین کے اشتراک سے لگائے جانے والے کوئلے کے پاور پلانٹس کے منصوبوں میں ماحولیات کے تحفظ کو مد نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور اپنے وفد کے ہمراہ تیانجن چن ٹنگ تھرمل پاور کمپنی لمیٹڈ کے دورے کے دوران توانائی کی پیداوار کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ نے توانائی کی پیداوار کے منصوبوں میں ماحولیات کے تحفظ کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ چین کے تعاون سے گڈانی اور گوادر میں کوئلہ کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے بے پناہ اہمیت کے حامل ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ان منصوبوں میں ماحولیاتی آلودگی کو کم سے کم سطح پر رکھنے کے اقدامات یقینی بنائے جائیں اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان میں توانائی کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔ وفد کوکمپنی حکام کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ کمپنی تیانجن کی بجلی کی 80فیصد ضروریات پوری کررہی ہے اور بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں ماحولیات کے تحفظ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔ وفد نے تیار شدہ پاور پلانٹ کا معائنہ بھی کیا وفد نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا تیانجن کے کمیٹی سیکرٹری مسٹر ہونگ ژنگاؤ اور تیانجن کے مےئر سے بھی ملاقات کی جس کے دوران چین اور پاکستان کے باہمی روابط کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا اور اس حوالے سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو نہ صرف دونوں دوست ممالک بلکہ خطے کیلئے اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے اس بات سے اتفاق کیاگیا کہ یہ منصوبہ چین اور پاکستان کے عوام کیلئے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھولے گا وفد نے تیانجن کے اکنامک زونز کے ماہرین پر مشتمل ٹیم کو پاکستان اور بلوچستان کے دورے کی دعوت دی تاکہ بلوچستان میں اکنامک زونز کے قیام کیلئے ان کے تجربات اور مہارت سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔ اس موقع پر تیانجن میونسپل گورنمنٹ اور اس کی کمپنیوں کے پاکستان کے ساتھ طے پائے جانے والے مختلف معاہدوں کی مفا ہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے گئے بعدازاں تیانجن میونسپل گورنمنٹ کے مےئر کی جانب سے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیاگیا ۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ اور ان کے وفد نے تیانجن اکنامک ڈویلپمنٹ ایڈمنسٹریشن کا دورہ کیا اور ٹیڈا حکام سے پاکستان کی اقتصادی ترقی کیلئے چینی معاونت کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ٹیڈا ہولڈنگ کمپنی کی جانب سے وفد کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ اور ان کے وفد نے تیانجن آئرن اینڈ اسٹیل اینڈ مل کا دورہ بھی کیا اس موقع پر وزیراعلیٰ نے مل کے حکام کو بلوچستان میں آئرن اوور کے ذخائر کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں آئرن اور اسٹیل مل کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے روشن امکانات موجود ہیں انہوں نے حکام کو بلوچستان میں اسٹیل مل لگانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس حوالے سے نہ صرف بھرپور تعاون کرے گی بلکہ ان کو تمام سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔