|

وقتِ اشاعت :   May 4 – 2016

بنوں: جمعیت علماء اسلام (ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ اور جیل بھیجنے والے یاد رکھیں کہ احتساب ہو گا تو سب کا ہو گا پھر تمہیں نہ گھر میں جگہ ملے گی نہ پاکستان میں اپنے سسرال ہی جانا پڑے گا خیبرپختونخوا میں چوہوں سے ڈرنے والے پنجاب کے شیروں پر ہاتھ ڈالنا چاہتے ہیں لاہور اسلام آباد کے جلسوں میں عمران خان نے اخلاقیات اور تحریک کے درندوں نے اپنی خواتین کی عزتوں کو تار تار کر دیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز بنوں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک بھر میں انشاء اللہ ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی بنوں جیسے پسماندہ علاقوں میں آمد سے ترقی کے سفر کا آغاز ہو گیا ہے گزشتہ 67 سالوں میں ملک بھر کے پسماندہ علاقوں کو نظر انداز کیا گیا مولانا فضل الرحمان نے 14 مئی کو وزیر اعظم نواز شریف کو ڈیرہ اسماعیل خان آمد کی دعوت دی ۔ جہاں پر وزیر اعظم پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے ۔ مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ صوبے کے مینڈیٹ کا دعوی کرنے والے ترقی کے نام سے نابلد ہیں او رجو لوگ خیبرپختونخوا کے مینڈیٹ نام نہاد دعوی کرتے ہیں وہ صوبے کی ترقی کا راستے میں خود رکاوٹ ڈال رہے ہیں خیبرپختونخوا کے لوگ حقیقی خان ہیں اور عمران خان جعلی خان بنا پھرتا ہے عمران خان ان کے ساتھی پشتونوں کی عزت کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار وفد نے مجھے بتایا کہ آپ کے صوبے کے پی کے میں مذہب کی جڑیں بہت گہری ہیں مذہب کی جڑوں کو اکھاڑ پھینکنے کے لئے ان لوگوں کو اس صوبے پر مسلط کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے حکومت کہتی ہے کہ ہمیں پاک چین اقتصادی راہدری منصوبوں سے متعلق اعتماد میں نہیں لیا گیا ان لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ خواب خرگوش سے باہر تو آؤ جاگتے ہوئے لوگوں کو اعتماد میں لیا جاتا ہے سوئے ہوؤں کو نہیں ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں لاہور اور اسلام آباد کے جلسوں میں اخلاقیات کی دھجیاں بکھیر دی گئیں ۔ پی ٹی آئی کے درندوں نے اپنی خواتین کے ساتھ بدتمیزی کر کے ان کی عزتوں کو تار تار کر کے جنازہ نکال دیا خیبرپختونخوا کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کہتی ہے کہ چوہوں کو مارو ۔ جو لوگ چوہوں سے ڈرتے ہیں وہ پنجاب کے شیروں پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف گھر نہیں جیل جائیں گے میں کہتا ہوں کہ پانامہ کی آف شور کمپنیاں تو آپ کی بھی ہیں آپ کی اے ٹی ایمز مشینوں کا نام پانامہ میں آنے سے آپ کی بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہیں ۔ وزیر اعظم سے استعفے اور جیل بھیجنے یاد رکھیں جب احتساب ہو گا تو سب کا ہو گا پھر آپ کو نہ اپنے گھر اور نہ ہی پاکستان میں جگہ ملے گی آپ کو صرف اپنے سسرال ہی جانا پڑے گا