|

وقتِ اشاعت :   May 9 – 2016

کابل : افغانستان کے صوبہ غزنی میں2مسا فر بسوں اور آئل ٹینکر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت73 مسافرجاں بحق اور55 زخمی ہوگئے،بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشنا ک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ صبح سات بجے صوبہ غزنی کے ضلع موقر میں کابل قندھار ہائی وے پر پیش آیا جہاں 2 مسافر بسیں آئل ٹینکر سے ٹکراگئیں جس کے بعد تینوں گاڑیوں میں آگ بھڑ ک اٹھی ۔حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت73 مسافر جاں بحق اور 55 زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔صوبائی گورنر کے ترجمان جاوید سلنگئی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک حادثہ ضلع موقر میں تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔دونوں بسوں میں 125 مسافر سوار تھے جن میں سے73 جاں بحق ہوگئے جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے ۔انکا کہنا تھاکہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک ہے ۔ واقعے کے بعد ریسکیو حکام نے مسافروں کو بس سے باہر نکالا اور ہسپتال منتقل کیا تاہم چند زخمیوں کا خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے انہیں آئی سی یو میں منتقل کرد یا گیا ہے ۔ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔حادثے کے بعد سڑک کو کلیئر کرنے کے بعد ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے ۔صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کے ڈائریکٹرمحمد احمدی کا کہنا ہے کہ مسافر بسیں ایک دوسرے کے پیچھے کابل سے قندھارجارہی تھیں کہ حادثہ پیش آگیا۔انکا کہنا تھاکہ حادثہ لاپروائی کے باعث پیش آیا۔