|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2016

جام نگر: ہندوستان کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی خاتون رکن اسمبلی پونم بین مادام ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں نالے میں گر کر زخمی ہوگئیں۔ ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق رکن اسمبلی، پونم جام نگر میں تجاوزات ہٹوانے کے لیے میونسپل ٹیم کے ساتھ موجود تھیں کہ کنکریٹ سلیب ٹوٹنے کی وجہ سے 10 فٹ گہرے نالے میں گر گئیں۔ رپورٹس کے مطابق پونم اور میونسپل عہدیدار جس مقام پر کھڑے تھے اس کے نیچے ایک نالہ بہہ رہا تھا، زیادہ وزن ہونے کی وجہ سے نالے کی چھت ٹوٹ گئی اور پونم 10 فٹ گہرے نالے میں جا گریں۔ انھیں فوری طور پر نالے سے نکال کر زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اگرچہ ہندوستان میں بچوں اور بڑوں کے نالوں اور مین ہولز میں گرنے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں تاہم یہ پہلا واقعہ ہے کہ ایک رکن اسمبلی کو اس قسم کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ اس واقعے کو کیمرے کی آنکھ میں بھی محفوظ کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ پونم اپریل 2015 میں بھی اُس وقت خبروں کی زینت بنی تھیں جب انھوں نے گجرات میں ایک مذہبی پروگرام کے دوران رقص کیا تھا۔ اس پروگرام میں موجود عقیدت مندوں نے چند منٹوں کے دوران ہی ان پر تقریباً 3 کروڑ روپے کی رقم نچھاور کردی تھی۔