|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2016

اسلام آباد:  سوئی گیس فیلڈ کو دس سالہ لیز پر پی پی ایل کو دینے کے تاریخی معاہدہ پر دستخط کیلئے جمعہ کے روز بلوچستان ہاؤس میں ایک سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد ہوا وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ، وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی،وزیر مملکت جام کمال خان ،سینیٹر آغا شہباز درانی، صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال، ڈاکٹر حامد اچکزئی، میر سرفراز بگٹی ، شیخ جعفر خان مندوخیل، میر مجیب الرحمن محمد حسنی، سینیٹر آغا شہباز درانی، وزارت پیٹرولیم اور صوبائی حکومت کے متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے حکومت بلوچستان ، جبکہ وفاقی سیکرٹری پیٹرولیم ارشد مرزا نے وفاقی حکومت کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے معاہدے کے تحت سوئی گیس فیلڈ دس سالہ لیز پر پی پی ایل کو دی گئی ہے جس میں بلوچستان خاص طور پر ڈیرہ بگٹی کے عوام کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایاگیا ہے معاہدے کے تحت بلوچستان کو دس سال کی مدت میں 74ارب روپے کی اضافی آمدنی ہوگی جبکہ پی پی ایل علاقے میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی تلاش کے منصوبوں پر 20ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گی اور ضلع ڈیرہ بگٹی میں سماجی شعبہ کی ترقی، سوئی ٹاؤن کے عوام کو ضرورت کے مطابق بلا معاوضہ گیس کی فراہمی اورسوئی گیس فیلڈ میں مقامی لوگوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں روزگار کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گی ۔ معاہدے کی حتمی منظوری صوبائی کابینہ نے گذشتہ روز خصوصی اجلاس میں دی تھی ۔ 18ویں ترمیم کے بعد ملک کی تاریخ کا یہ پہلا معاہدہ ہے جو کسی بھی صوبے نے اپنے وسائل پر اختیار اور حق حاصل ہونے کے بعد کیا ہے۔ تاریخی اہمیت کے حامل اس معاہدہ میں دونوں جانب سے فراخ دلی کا مظاہرہ کیا گیا اور تمام امور کو باہمی گفت شنید کے ذریعہ احسن طریقے سے طے کیا گیا پی پی ایل کے ساتھ بلوچستان کی شرائط پر طے پائے جانے والا یہ معاہدہ اس حوالے سے دور رس نتائج کا حامل ہے کہ مستقبل میں بلوچستان میں تیل اور گیس کی تلاش اور ترقی کیلئے کئے جانے والے تمام معاہدے ان ہی شرائط کی بنیاد پر ہوں گے جو کہ سوئی گیس فیلڈ کو پی پی ایل کو دس سالہ لیز پر دینے کیلئے وزارت پیٹرولیم کے ساتھ کئے جانے والے معاہدے میں شامل ہیں جس کا تمام تر فائدہ بلوچستان اور یہاں کے عوام کو پہنچے گا یہ وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری اور ان کی حکومت کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے جنہوں نے معاہدے میں بلوچستان کے مفادات کا بھرپور تحفظ کیا جس کا اعتراف وفاقی وزیر پیٹرولیم نے معاہدے کی تقریب میں کیا انہوں نے کہا کہ مذکورہ معاہدہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اور صوبائی کابینہ کی بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ یہ ایک عوام دوست لیز نگ معاہدہ ہے جس کا فائدہ بلوچستان کے عوام کو پہنچے گا انہوں نے وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے موجودہ صوبائی حکومت بلوچستان کے قیمتی وسائل کے تحفظ اور انہیں بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بروئے کار لانے کی ضمانت فراہم کرتی ہے معاہدے میں بلوچستان اور اہل بلوچستان کے مفادات کو بھرپور تحفظ حاصل ہے واضح رہے کہ صوبائی کابینہ کے گذشتہ روز کے اجلاس میں وزارت پیٹرولیم کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں بلوچستان کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے پر وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری اور چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کو زبردست طریقے سے خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔