|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2016

  کوئٹہ : کوئٹہ میں پولیس موبائل کے قریب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے دوپولیس اہلکارجاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت7افرادزخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق منگل کی رات کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے نصب دھماکہ خیز مواد سے پولیس کی موبائل گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار کانسٹیبل عبداللہ جاں بحق جبکہ 5پولیس اہلکاروں شاہد،وقار،ارشد ،حنیف ،وقاص اور ایک راہ گیر نقیب اللہ شدیدزخمی ہوگئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرنٹیر کور کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر نعش اورزخمیوں کو سول ہسپتال پہنچادیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد 2شدیدزخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے سے پولیس کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ اردگرد کی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزیدکارروائی شروع کردی۔