اسلام آباد: پاکستان میں ایران کے سفیرمہدی ہنردوست کا کہنا ہے کہ گوادر اور چاہ بہار کی بندرگاہیں ایک دوسرے کی حریف نہیں بلکہ دوست ہیں۔
اسلام آباد میں پاک ایران تعلقات پرمنعقدہ سیمینارسے خطاب کے دوران مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایران پاکستان کا آزمایا ہوا دوست ہےِ ایران اپنی سرزمین کسی کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا لیکن کچھ لوگ پاکستان اورایران کےتعلقات خراب کروانا چاہتے ہیں۔ گوادراورچاہ بہار کی بندرگاہیں ایک دوسرے کی حریف نہیں بلکہ دوست ہیں۔
طالبان کے امیر ملا اختر منصور کی ایران آمد سے متعلق مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایران دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی تمیز نہیں رکھتا،ملا منصور جیسے شخص کی کبھی حمایت نہیں کر سکتے، ہم 16 برسوں سے طالبان کی مخالفت کررہے ہیں اس کے بارے میں خبریں آئی کہ وہ ایران سے پاکستان آیا۔
پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق ایرانی سفیرنے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، اس سے پاکستان کو سستی گیس ملے گی، ایران منصوبے پراپنے حصے کا کام ختم کرچکا ہے اور اس کے لیے اس نے 2ارب ڈالرخرچ کئے۔ اب ہم پاکستان کی جانب سے منصوبےکی تکمیل کےمنتظرہیں۔
مہدی ہنردوست نے کہا کہ ایران اورسعودی عرب کے درمیان تناؤ دونوں ممالک کے عوام اور خطے کے مفاد میں نہیں، ہم تناؤ کے خاتمے کی ہرکاوش کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
’چاہ بہار بندرگاہ گوادر پورٹ کے مخالف نہیں‘
وقتِ اشاعت : May 27 – 2016