کوئٹہ: احتساب عدالت نے سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کے ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور اکاؤنٹینٹ ندیم اقبال کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا اس موقع پر تفتیشی افسران نے موقف اختیار کیا کہ زیرحراست ملزمان نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا جن سے مزید تفتیش کرنی ہے اس لئے ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔ عدالت نے تفتیشی افسران کی درخواست منظور کرتے ہوئے مشتاق رئیسانی اور اکاؤنٹینٹ ندیم اقبال کے ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں نیب کے حوالے کردیا۔
سماعت کے دوران مشتاق رئیسانی نے شکوہ کیا کہ گزشتہ ریمانڈ پر بھی ان کی ملاقات اہلخانہ سے نہیں کرائی گئی جس پرعدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو میڈیکل سہولت فراہم کرتے ہوئے بیوی، بیٹے اور بھائی سے ملاقات کرائی جائے۔
واضح رہے کہ 6 مئی کو نیب نے سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کے گھرپرکارروائی کے دوران 63 کروڑ روپے سے زائد نقدی، پرائز بونڈ، زیورات اور غیرملکی کرنسی برآمد کی تھی۔
سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کے ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع
وقتِ اشاعت : June 2 – 2016