|

وقتِ اشاعت :   June 8 – 2016

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا صوبہ بھر بالخصوص صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال میں نمایا ں بہتری آئی ہے۔ جنوبی بلوچستان میں اس حوالے سے کچھ مسائل ہیں جنہیں جلد حل کرلیا جائے گا۔ بلوچستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے مثال مواقع موجود ہیں جبکہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت جامع حکمت عملی وضع کررہی ہے۔ بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کو پوری طرح فعال کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے چیک ری پبلک کے سفیر مسٹر جان فیوری (Mr.Jan Fury) سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے منگل کے روز یہاں ان سے ملاقات کی۔ وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ خواجہ ہمایوں نظامی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان ملک کا سب سے بڑا اور اپنے قدرتی وسائل کے حوالے سے سب سے امیر صوبہ ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبے سے صوبے میں ترقی اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھل رہے ہیں۔ چیک سفیر نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ یورپی سرمایہ کارو ں کو ان مواقعوں سے آگاہی کے لئے وزیراعلیٰ اپنے وفد اور چیمبر کے اراکین کے ہمراہ وسطی یورپ کا دورہ کریں۔ چیک ریپبلک اس دورے میں بھرپور معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان سے طرفہ تعلقات اور تجارتی روابط کے فروغ کو خاص اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دینے کے لئے بھی ان کے ملک نے پاکستان کی حمایت کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ یورپین یونین کی جانب سے بلوچستان میں تعلیم، صحت اور دیہی ترقی کے شعبوں میں معاونت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے ملک اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری پر وفاقی اور صوبائی حکومت اور پاک فوج کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز انہوں نے قندھاری بازار کا دورہ کیا اور روایتی سجی کھائی۔ وزیراعلیٰ نے ان کے دورہ قندھاری بازار کو کوئٹہ میں امن کے قیام کا مظہر قراردیا۔