|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2016

کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کی صوبائی کونسل کا اجلاس صوبائی آرگنائزر سردار یارمحمدرند کی صدارت میں ہفتہ کو منعقد ہوا،اجلاس میں پارٹی کے مجموعی امور پر بحث کی گئی اوراتفاق رائے سے ڈسپلینری کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیاجو بلوچستان میں پارٹی کے نظم ونسق پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کریگی،صوبائی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی آرگنائزر سردار یارمحمد رند نے کہاکہ سیاست اور جمہوریت کا مقصد یہ ہے کہ لوگ اپنی رائے کا اظہار برملا طور پر کرسکیں ،قوم پرستی کی دعویدار جماعتوں نے بلوچوں اور پشتونوں کودست گریبان کرکے اقتدار حاصل کیااور ایوان میں پہنچ کر انہوں نے عوام کے حقوق اور بہبود کی ابتدائی سوچ کو بھلا دیا،اب عوام کی تمام تر امیدوں کا محور پاکستان تحریک انصاف ہے ،2018کے انتخابات میں پی ٹی آئی بلوچستان پارلیمنٹ کی حکمراں جماعت ہوگی،سردار یار محمدرند نے کہا کہ تمام نظریاتی دوستوں نے محنت ولگن سے پی ٹی آئی کو بلوچ پشتون کی حقیقی نمائند ہ جماعت بنانا ہوگا،بلوچستان میں لوگوں کی اکثریت اچھی ہے جو گڈ گورننس کا قیام چاہتے ہیں بارہا خرابیوں کے باوجود دنیا بھر میں جمہوریت کی پسندیدگی کی وجہ یہ ہے کہ لوگوں کی اکثریت جو فیصلہ کرتی ہے اسے بحرحال تمام طبقات کو قبول کرناہوتا ہے تاہم بغیر نظم ونسق کے بغیر دنیا کا کوئی ادارہ یا جماعت قطعاً نہیں چل سکتا اس لیے ضروری ہے کہ اپنی منشاء کے مطابق ہر کوئی ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانے کی بجائے ڈسپلن کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے رائے عامہ کو تسلیم کرے،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں چوروں، ڈاکوؤں ،ڈرگ اسمگلرز اور جرائم پیشہ افراد کے لیے کوئی جگہ نہیں پارٹی ڈسپلن پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگااور عزت دار لوگوں کو ان کااصل مقام دیتے ہوئے پارٹی کی فعالیت کے لیے ہر کارکن کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ حقیقی نظریاتی افراد کو سرمایہ کاروں پر فوقیت دی جائیگی اور 2018کے انتخابات میں اہل ایماندار اور عوامی حمایت کی حامل قیادت کو آگے لایا جائے گا،اجلاس میں تین رکنی ڈسپلینری کمیٹی قائم کی گئی جو سردار خادم حسین ودرگ ،شمس الدین رندایڈوکیٹ اور بابر مرغزانی پر مشتمل ہوگی،کمیٹی کے سیکرٹری ڈاکٹر منیر احمد بلوچ ہونگے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی خواتین ونگ کو فعال بنایا جاجائے گا،ہر ضلع کی ماہوار میٹنگ ہوگی جس کی رپورٹ صوبے کو ارسال کی جائیگی ،صوبائی کونسل کا ماہانہ اجلاس تسلسل کے ساتھ منعقد ہوگااور پارٹی کی ڈسپلن پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔اجلاس میں نوابزادہ شریف جوگیزئی ،سردار خادم حسین وردگ،محمد اسماعیل لہڑی،جعفرخان کاکڑ ،ڈاکٹر منیر بلوچ ،بسمہ اللہ آغا،نورالدین کاکڑ ،خدا بخش لہڑی ،ایڈوکیٹ شمس الدین رند ،ایڈوکیٹ فرزانہ خلجی ،بابر مرغزانی،ملک فیصل دہوار،بابریوسفزئی اور شایان منظور سمیت دیگر سینئر اراکین نے شرکت کی۔