کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی آرگنائزرسردار محمدرند نے کہاہے کہ پاکستان سے سات سوارب روپے پراپرٹی کی خرید کیلئے دبئی چلے گئے یہ پیسہ باہر نہ جاتا توپاکستانی قوم کو غیرملکی قرضوں پرانحصار نہ کرنا پڑتا ۔وزیراعظم کے بچوں کاپیسہ باہرپڑا ہے ۔چوری کایہ پیسہ واپس لانے کیلئے پی ٹی آئی فیصلہ کن جدوجہد میں مصروف عمل ہے اگرحقیقی معنوں میں وزیراعظم کااحتساب ہوگیاتو ملک کی تقدیر بد ل جائے گی ۔تبدیلی کے عمل میں نوجوان اورخواتین کلیدی کرداراداکرسکتی ہیں ملک کی خاموش اکثریت کوبیدارہوکرحالات کاادراک کرناہوگا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے محترمہ شمیم نورزئی کی قیادت میں ملنے والے پی ٹی آئی خواتین ونگ کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ قومی مفادات پرپی ٹی آئی متحدہ اپوزیشن کے ساتھ ہے تاہم اگرہمیں اکیلے ہی جدوجہد کرناپڑی بھی توہم کرپٹ عناصر کوان کے انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں ۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف سے ایک چھوٹوگینگ نہیں سنبھالاجاتاوہ ملک کوکیا سنبھالیں گے ۔سردار رند نے کہاکہ عید کے بعد پی ٹی آئی میدان عمل میں اترے گی ہمارا ہرعمل ملک اورعوام کی بہبود کیلئے ہوگا پوری قوم طاقتور کے احتساب کا مطالبہ کررہی ہے اوراب وزیراعظم کے لیے احتساب سے بچناقطعی ممکن نہیں ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے احتساب سے جمہوریت کوکوئی خطرہ نہیں خواتین پی ٹی آئی کا ساتھ دیں غریب عوام کے حقوق کی جنگ ہرفورم پرلڑیں گے ۔