|

وقتِ اشاعت :   June 21 – 2016

کابل : افغانستان میں یکے بعد دیگرے 3دھماکوں میں کینیڈین سفارتخانے کے 14نیپالی گارڈز سمیت 25افراد ہلاک اور رکن صوبائی کونسل سمیت53افراد زخمی ہوگئے جبکہ افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشن اور جھڑپوں کے دوران 59طالبان جنگجو ہلاک اور 46زخمی ہوگئے ،سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد اور6بموں کو ناکارہ بنادیا۔پیر کو افغان میڈیا کے مطابق دارالحکومت کابل کے مشرق میں جلال آباد سے آنے والی مرکزی شاہراہ پر خودکش حملہ آور نے صبح چھ بجے کے قریب خود کو ایک منی بس کے قریب دھماکے سے اڑا دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 14 نیپالی سیکورٹی گارڈ ہلاک جب کہ 8 زخمی ہوگئے۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صادق صدیقی کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ منی بس میں نیپالی شہری سوار تھے جو کہ مختلف اہم عمارات پر سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔کابل میں کینیڈین سفارتخانے تصدیق کی ہے کہ خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے نیپالی گارڈ ز اسکے لیے کام کرتے تھے ۔سفارتخانے نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے اہلخانہ سے ہمدری کا اظہار کیا ہے ۔طالبان اور داعش نے کینیڈین سفارتخانے کے گارڈز پر حملے کا دعویٰ کیا ہے ۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے20افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ۔نیٹو نے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔کابل میں ہی دوسرے دھماکے میں رکن صوبائی کونسل کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ جس میں ایک شخص ہلاک اور رکن صوبائی کونسل سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے ۔ادھر صوبہ بدخشاں میں ایک بازار میں دھماکہ کیا گیا جس میں بچوں اور خواتین سمیت 10افراد ہلاک اور40 زخمی ہوگئے ۔صوبائی گورنر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکہ پرہجوم مارکیٹ میں ہو ا،دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ۔ واضح رہے کہ کابل میں رمضان المبارک کے دوران ہونے والے یہ پہلے دھماکے ہیں اس سے قبل آخری پرتشدد واقعہ 19 اپریل کو ہوا تھا جس میں 64 افراد ہلاک جب کہ 340 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔دوسری جانب افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشن اور جھڑپوں کے دوران 59طالبان جنگجو ہلاک اور 46زخمی ہوگئے جبکہ سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد اور6بموں کو ناکارہ بنادیا۔وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی صوبہ ہلمند کے ضلع ناد علی کے گاؤں سید آباد میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 8طالبان جنگجو مارے گئے ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مشترکہ فورسز نے پی کے مشین گن،ایک اے کے 47رائفل اور دیگر اسلحہ برآمد کرلیا۔غزنی کے ضلع گیلان کے گاؤن ماٹی کالی میں ایک اور کاروائی میں 4طالبان جنگجو ہلاک اور 5دیگر زخمی ہوگئے ۔افغان سیکورٹی فورسز نے سڑک کنارے نصب 6بموں کو ناکارہ بنادیا۔ادھر جنوبی صوبہ ارزگان میں افغان سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں طالبان جنگجوؤں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔وزارت دفاع کے مطابق آپریشن ضلع چارچینو میں کیا گیا جس میں سپیشل فورسز نے حصہ لیا۔آپریشن کے دوران 47جنگجو ہلاک اور 41دیگر زخمی ہوگئے تاہم افغان فورسز کے جانی نقصان کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا۔