|

وقتِ اشاعت :   July 1 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ میں ایف سی اور حساس اداروں نے فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ، ہلاک دہشت گرد اور ایف سی کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ سریاب کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 150سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ درجنوں موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ڈبل روڈ پر ایف سی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ کے بعد رات گئے ایف سی اور حساس ادارے خفیہ اطلاع پر سریاب کے علاقے لنک بادینی روڈ کلی محمد شہی ٹاؤن کے قریب سرچ آپریشن کیلئے جارہے تھے اس دوران دو موٹر سائیکل سواروں نے اچانک ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی ۔ جوابی فائرنگ پر ملزمان کھیتوں کی طرف بھاگ گئے تاہم ایف سی اہلکاروں نے انہیں گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا ۔ اس دوران تینوں دہشت گرد مارے گئے ۔ ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے جو پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی حالیہ دنوں میں ہونیوالی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے ۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دو موٹر سائیکلیں ، تین کلاشنکوف اور تین میگزین بھی بھی برآمد کئے گئے ۔ ایف سی نے لاشیں، موٹر سائیکلیں اور اسلحہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں سول اسپتال منتقل کر دیں تاہم تینوں افرا دکی شناخت اب تک نہیں ہوسکی ہے۔ لاشیں سول اسپتال کے مردہ خانے میں رکھی گئی ہیں۔ دوسری جانب ایف سی اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ کے بعد شہر میں سیکورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے۔ ایف سی اور پولیس نے بروری روڈ، سریاب روڈ،قمبرانی روڈ، سبزل روڈ ، ہزارگنجی اور ملحقہ علاقوں کے علاوہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر کڑی ناکہ بندی کی ۔تقریباًہر آنے اور جانے والی موٹر سائیکل کو روک کر موٹر سائیکل سوار کی جامع تلاشی لی گئی اور کاغذات، لائسنس وغیرہ چیک کئے گئے۔ متعدد افراد کوگھنٹوں تک کھڑا کیا گیا جبکہ پچاس سے زائد موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لیکر تھانے منتقل کردی گئیں۔ رات گئے سریاب ، قمبرانی، کرانی ، کیچی بیگ ، شالکوٹ، نیو سریاب اور سیٹلائٹ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں ایف سی اور پولیس کی جانب سے مشترکہ سرچ آپریشنز کئے گئے ۔ ایس پی سریاب ظہور بابر آفریدی کے مطابق ناکہ بندی اور سرچ آپریشنز میں ڈیڑھ سو کے قریب افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔