|

وقتِ اشاعت :   July 2 – 2016

اسلام آباد:  امریکا کے نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری سےملاقات کی ہے جس میں پاک امریکا تعلقات اورافغانستان سمیت علاقائی صورتحال پربات چیت کی گئی۔ ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہددری سے امریکا کے نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن سے ملاقات دفترخارجہ میں ہوئی، جس میں پاک امریکا تعلقات اورافغانستان سمیت علاقائی صورتحال پربات چیت سمیت انسداددہشت گردی کی کوششوں اورپاک افغان بارڈرپرسیکیورٹی اوربارڈر مینجمنٹ کے معاملے پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نےملاقات میں سلامتی اموراوربہترسرحدی انتظامات پرپاکستان اور افغانستان کے مابین ایک اعلی سطح کے مشاورتی میکنزم کے قیام پر امریکی وفد کو سراہا۔ انہوں نے افغان مہاجرین کامعاملہ امریکا کے سامنے اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغان مہاجرین کی جلد باعزت وطن واپسی چاہتا ہے جب کہ بین الاقوامی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور اقوام متحدہ کے کمیشن برائے مہاجرین کو ان کوششوں کی حمایت کرنا چاہئے۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے چارملکی رابطہ گروپ کواہم سمجھتے ہیں۔ امریکا کے نمائندے خصوصی رچرڈ اولسن نے باہمی دلچسپی کے امورپر پاکستان اور امریکہ کے مابین موجود گہرے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام اورانسداددہشتگردی کیلئے پاکستانی اقدامات قابل تحسین ہیں جب کہ افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، امریکی خصوصی نمائندہ نے افغانستان میں طویل المدت امن اور اعتدال کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا۔