|

وقتِ اشاعت :   July 17 – 2016

سیئول: پاکستانی باکسر محمد وسیم نے فلپائن کے جیتھرا اولیوا کو شکست دے کر انٹرنیشنل پروفیشنل سلور ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں ہونے والے مقابلے میں پاکستانی باکسر محمد وسیم نے فلپائن کے جیتھر اولیوا کو شکست دے کر انٹرنیشنل پروفیشنل سلور باکسنگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ 12 راؤنڈز پر مشتمل مقابلے میں دونوں میں سے کوئی بھی باکسر اپنے حریف کو ناک آؤٹ نہ کر سکا جس کے بعد میچ ریفریز نے پوائنٹس کی بنیاد پر پاکستانی باکسر کو فاتح قرار دے دیا۔ محمد وسیم ٹائٹل جیتنے کے بعد فلائی ویٹ کی عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگئے ہیں اور اب وہ ارجنٹائن کے گولڈ ٹائٹل باکسر کو چیلنج کر سکیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے محمد وسیم کی کامیابی پر انھیں مبارکبادی اور کہا کہ محمد وسیم نے پاکستان اور بلوچستان کا نام پوری دنیا میں بلند کر دیا ہے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر کھیل مجیب الرحمان  محمد حسنی نے محمد وسیم کے لئے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ محمد وسیم نے امریکا اورجاپان میں باکسنگ کی خصوصی تربیت حاصل کی ہے، وہ پریذیڈنٹ کپ ٹورنامنٹ میں بھی میڈلز جیت چکے ہیں، یہ کسی بھی پاکستانی باکسر کا ڈبلیو بی سی انٹرنیشنل پروفیشنل ٹائٹل کےلیے پہلا مقابلہ تھا، اس سے قبل پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان اس ٹائٹل کے لیے فائٹ کر چکے ہیں۔