حب : وزیر مملکت برائے پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ ہم ترقی کے مخالف نہیں جو ترقی کے مخالف ہیں انکی اللہ ہی مدد کرے گا نیشنل پارٹی سی پیک اور گوادر کی ڈیولپمنٹ پر مطمعین ہیں،بلوچ قوم سی پیک اور گوادر کی ترقی کے لئے اپنے آپ کو تیار کریں پاکستان اس وقت جمہوریت کی طرف گامزن ہے ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت برائے پورٹ اینڈ شپنگ میر حاصل خان بزنجو نے حاجی چھتہ خان رند گوٹھ میں حب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی گھنشام داس مدوانی ،سابق پولیٹیکل سیکرٹری وزیر اعلیٰ بلوچستان جان محمد بلیدی،نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر و میونسل کارپوریشن حب کے چئیرمین رجب علی رند،نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر عبدالغنی رند،نیشنل پارٹی کے ضلعی نائب صدر ومیونسپل کارپوریشن حب کے کونسلر عثمان کوہ بلوچ ،نیشنل پارٹی کے ضلعی رہنما حاجی وزیر خان رند ،ضلعی رہنما بختیار بلوچ ،خورشید رند،واجہ غنی،ہاشم خان رند ،سخی داد بلوچ سمیت نیشنل پارٹی کے درجنوں کارکنان موجود تھے میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ کوئی بھی شہر دنوں اور مہینوں میں ترقی نہیں کرتا اس میں وقت لگتا ہے ،ہمیں رونے کے بجائے محنت اور گوادر کی ترقی کے ثمرات حاصل کرنے کے لئے تیاری کرنی پڑے گی ہم زندہ قوم ہیں ہمیں کسی بھی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا انہوں نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی کو سی پیک پروجیکٹ سے کوئی اختلاف نہیں سی پیک پروجیکٹ سے بلوچ قوم کو نقصان نہیں بلکہ فوائد حاصل ہونگے جو قوم کو ترقی سے خوفزدہ کررہے ہیں انہیں کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا بلکہ ہمیں اپنی قوم کو ترقی کے لئے تیار کرکے ترقی کا حصہ دار بنانا ہوگا انہوں نے کہا ہے کہ سی پیک اور گوادر کی ترقی سے ہم مطمعین ہیں گوادر بلوچ قوم کی سرزمین ہے اس پر ہونے والی ترقی پر ہمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے اگر ترقی نہ ہو ئی تو بلوچ قوم کا نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گاترقی کے حوالے سے منفی سوچ کو اجاگر کرنے کے بجائے بلوچ قوم کو مثبت سوچ کی طرف راغب کرنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نئے بننے والے روٹس سے انکے قریبی اضلاع سے انکی عوام کو مثبت فوائد حاصل ہونگے انہوں نے مزید کہا کہ لسبیلہ چیمبر آف کامرس نے حق کی ڈیولپمنٹ کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔