|

وقتِ اشاعت :   July 20 – 2016

کوئٹہ : کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ فوج مادر وطن سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھے گی، طلباء پاکستان کی امیداورشاندار مستقبل ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو بلوچستان یوتھ موبلائزیشن کمپین کے حوالے سے پنجاب کے مختلف تعلیمی اداروں کے پوزیشن ہولڈر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کمانڈر سدرن کمانڈ سے ملاقات کی۔ کمانڈر سدن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا کہ آپ پاکستان کی امیداورشاندار مستقبل ہیں ہمیں آپ کی قابلیت اورصلاحیتوں پر فخر ہے آپ جیسے ہونہار طلباء کی صورت میں ، میں ایک پر امن، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان دیکھ رہا ہوں قومی اتحاد اور یکجہتی ایک مضبوط، روشن ،شاندار اورابھرتے ہوئے پاکستان کی ضمانت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھے گی پاک فوج پاکستان کے روشن مستقبل اور پائیدار امن کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ اس موقع پر طلباء کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ طلباء نے کمانڈر سدرن کمانڈ سے بلوچستان کی مجموعی صورتحال کے بارے میں سوالات پوچھے ۔طلباء نے پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کی بلوچستان میں بحالی امن کے حوالے سے بے مثال قربانیوں پر تالیاں بجا کر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔طلباء نے بلوچستان میں جاری منصوبوں اور پائیدار امن کے حوالے سے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ طلباء کے اعزاز میں شاندار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔