کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیر صدارت یہاں منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کوئٹہ میں صفائی کی صورتحال کی بہتری ،شہر کو درپیش مسائل اور ان کے حل سے متعلق اقدامات ، تجاویز اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے اس ضمن میں تیار کی گئی فیزبلٹی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفی خان ترین ، وزیراعلیٰ کے مشیران محمد خان لہڑی، عبیداللہ بابت، رکن صوبائی اسمبلی سردار محمد صالح بھوتانی، میئرکوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ، ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے۔ منصوبے کے کنسلٹنٹ نے اجلاس کو شہر کی صفائی ، سالڈویسٹ مینجمنٹ اور ری سائیکلنگ کے حوالے سے تیار کی گئی فیزبلٹی رپورٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ شہروں کی صفائی کے لیے دنیا بھر میں رائج پرائیوٹ پبلک پارٹنرشپ کے تصور کو کوئٹہ کے لیے بھی قابل عمل بنایا جا سکتا ہے، جس کے تحت نجی شعبہ میں جدید آلات اور گاڑیوں کے ذریعے صفائی کے نظام کی بہتری، کچرے کو ٹھکانے لگانے اور قابل استعمال اشیاء کی ری سائیکلنگ کے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا سکتا ہے اور جی پی ایس کے ذریعے اس تمام عمل کی نگرانی کی جا سکتی ہے، انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ کی صفائی کے لیے موجودہ طریقہ کار انتہائی فرسودہ ہے جسے جدید خطوط پر استوار کرنے کی اشد ضرورت ہے، کوئٹہ کی موجودہ ضروریات اور صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے جامع فیزبلٹی تیار کی گئی ہے جس میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری بھی شامل ہے، وزیراعلیٰ نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ اور صفائی کی صورتحال کی بہتری کے لیے تیار کیے گئے لائحہ عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تمام عمل میں مقدار اور معیار کو بنیاد بنایا جائے اور عوام میں صفائی کا شعور اجاگر کر کے ان کی شراکت داری کو بھی یقینی بنایا جائے ، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ہم سب کا شہر اور بلوچستان کے چہرہ ہے جس کی بہتری اور خوبصورتی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ان کی خواہش ہے کہ کوئٹہ کو جلد از جلد صوبائی دارلحکومت کے شایان شان شہر بنایا جائے، حکومت کوئٹہ کے لیے جدید میٹرو ٹرین کا نظام اور گرین بس سروس لا رہی ہے جس سے عوام کو سفر کی بہتر سہولتیں ملیں گی اور شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا، وزیراعلیٰ نے سیکریٹری بلدیات کو ہدایت کی کہ کوئٹہ کی فیزبلٹی رپورٹ تفصیلی جائزہ کے بعد منظوری کے لیے سمری کی شکل میں انہیں پیش کی جائے۔ اس موقع پر میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ نے کوئٹہ کی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ کی خصوصی دلچسپی اور تعاون کو حوصلہ افزا ء قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ وزیراعلیٰ خو د اس تمام عمل کی نگرانی کر رہے ہیں اور انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو صفائی کی مہم اور جدید گاڑیاں خریدنے کے لیے 75 کروڑ روپے کے خطیر فنڈز فراہم کئے ہیں ، اجلاس میں میئر کوئٹہ کی جانب سے بلڈنگ کوڈ کنٹرول اتھارٹی، ٹریفک انجینئرنگ بیورو اور تجاوزات کے خاتمہ کے لیے خصوصی شعبہ کے قیام کی پیش کی جانے والی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اس ضمن میں فوری طور پر عملی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ سیکریٹری بلدیات نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ محکمہ بلدیات کی جانب سے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹروں میں صفائی کی خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، ڈپٹی میئر کوئٹہ نے اجلاس کو بتایا کہ کوئٹہ کی 58 وارڈوں میں سے 35 وارڈوں کو فیزبلٹی میں شامل کیا گیا ہے جو شہر کے مرکز میں واقع ہیں جبکہ بقایا 23 وارڈوں کی صفائی کا کام میٹروپولیٹن کارپوریشن اپنے وسائل سے کرے گی۔