|

وقتِ اشاعت :   July 25 – 2016

دبئی : وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ، مراد علی شاہ نئے وزیراعلیٰ ہونگے، اس بات کا فیصلہ دبئی میں پیپلزپارٹی کے سینئر قیادت کے دوروزہ اجلاس کے بعد کیاگیا، اجلاس میں آصف علی زرداری ، بلاول بھٹو ،فریال تالپور، شیری رحمن، رحمان ملک، قائم علی شاہ ،مراد علی شا ہ سمیت پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال رینجرز کے اختیارات کا معاملہ ،آزاد کشمیر میں پارٹی کی شکست ، پانامہ لیکس اور دیگر امور پر تفصیلی صلہ ومشورہ کیاگیا، آمدہ اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی کی تجویز بلاول بھٹو نے دی تھی ، جس پر طویل بحث کے بعد منظور کیاگیا ،اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ قائم علی شاہ کی جگہ نیا وزیراعلیٰ لایا جائے گا اور ساتھ ساتھ سندھ کابینہ میں بھی تبدیلیاں لائی جائیں گی،پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کاتبدیلی کا فیصلہ ہوگیا ، نئے وزیراعلیٰ کے نامزدگی کا اختیار بلاول بھٹو کو دیاگیا ، ان کے مطابق بلاول بھٹو اگلے ہفتے واپس کراچی آئیں گے،جس کے بعد وہ نئے وزیراعلیٰ کی نامزدگی کیلئے پارٹی رہنماؤں اور سندھ کے ارکان اسمبلی سے مشاورت کرینگے، ایک نجی ٹی وی کے مطابق مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ نامزد کر دیاگیا جس کا باقاعدہ اعلان پارٹی چیئرمین کراچی میں کرینگے، بتایا جاتا ہے کہ وزیراعلیٰ کے دوڑ میں نثار کھوڑو ، سراج درانی اور منظور وسان بھی شامل ہیں، میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین بلاول بھٹو ، شریک چیئرمین آصف علی زرداری ، فریال تالپور ، سردار لطیف کھوسہ ، وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ ، رحمان ملک نے شرکت کی ۔ترجمان پیپلزپارٹی فرحت اللہ بابر کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ اور کابینہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے سید قائم علی شاہ کو ناسازی طبیعت کی وجہ سے تبدیل کیا جا رہا ہے ۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو آئندہ ہفتے وطن واپس آئیں گے ۔ صوبائی قیادت اور اراکین اسمبلی سے ملاقات کریں گے اور مشاورت سے نئے وزیراعلیٰ اور کابینہ کے فیصلے کریں گے میڈیا رپورٹس کے مطابق مراد علی شاہ کو نیا وزیر اعلی نامزد کیا جائے گا ۔