|

وقتِ اشاعت :   July 25 – 2016

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن نے الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کے لئے 4 ناموں پر اتفاق کرلیا۔ حکومت اور اپوزیشن نے الیکشن کمیشن ممبران کے لئے 4 ناموں پر اتفاق کرلیا جب کہ تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ممبرز پر اعتراض اٹھایا ہے اور عوامی نیشنل پارٹی نے ممبرز کے چناؤ کے لئے کی جانے والی ووٹنگ میں حصہ ہی نہیں لیا۔ وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن سے طویل بات چیت کے بعد 4 ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے جس کا نوٹی فکیشن آج رات جاری کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے پنجاب سے جسٹس ریٹائرڈ ابراہیم کے نام کی منظوری دی گئی جب کہ عبدالغفور سومرو سندھ سے الیکشن کمیشن کے رکن ہوں گے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا سے جسٹس ارشاد قیصر اور بلوچستان سے جسٹس شکیل احمد بلوچ کے نام کی منظوری دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے چار اراکین ایک ماہ قبل اپنی مدتِ ملازمت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہوگئے تھے اور تاحال ان عہدوں پر نئے ارکان کا تقرر نہیں کیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن غیرموثر ہوچکا ہے۔