|

وقتِ اشاعت :   July 28 – 2016

اسلام آباد : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے وابستہ ہے ، بلوچستان میں مختلف شعبوں میں ترقی کے بے پناہ امکانات اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے جس سے سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں حکومت انہیں ہر قسم کی سہولیات اور تحفظ فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت بلوچستان اور ایٹلانٹس گروپ (ایکواٹربائین) کے مابین بلوچستان میں 500میگاواٹ کے پاور پلانٹس کی تنصیب کے منصوبے کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ اور وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ خواجہ ہمایوں نظامی بھی تقریب میں موجود تھے۔حکومت بلوچستان کی جانب سے سیکریٹری توانائی جبکہ ایٹلانٹس گروپ کے پاکستان میں نمائندے نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ،ایٹلانٹس گروپ متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار کے لیے ریونیوایبل انرجی کی نئی ٹیکنالوجی استعمال کریگا۔ یہ منصوبہ توانائی کی پیداوار کے شعبے میں نہایت اچھی پیش رفت اور صوبے کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا، سرمایہ کار گروپ منصوبے کے لیے تمام سرمایہ فراہم کرے گا جبکہ صوبائی حکومت متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں سے این او سی کے حصول اور دیگر امور کے لیے معاونت فراہم کرے گی، مفاہمتی یاداشت چار سال کے لیے قابل عمل ہوگی جسے باہمی رضا مندی سے مزید چار سال کے لیے توسیع دی جا سکے گی، جبکہ منصوبے کی تکمیل کی مدت ایک سال ہے اور ایٹلانٹس گروپ کے ماہرین فیزبلٹی رپورٹ کی تیاری کا جلد آغاز کریں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں توانائی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا نہ صرف بھرپور خیرمقدم کرے گی بلکہ سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات اور ترغیبات فراہم کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بورڈ آف انوسٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو رہنمائی اور سہولتیں فراہم کی جا سکیں، انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور صوبے کی ترقی کے لیے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا گیا ہے تاکہ ترقیاتی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ جن سے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے یہاں ملاقات کی، ملاقات میں بلوچستان کے مالی امور ، ملک کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ اور وزارت خزانہ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے اور وزیراعظم کی ہدایت پر بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے صوبائی حکومت کو بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے، انہوں نے بلوچستان کی ترقی کے لیے صوبائی حکومت کی منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کو سراہا جبکہ انہوں نے صوبے کے لیے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کو مبارکباد بھی دی۔ وفاقی وزیر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ صوبائی بجٹ میں شامل اہم ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا جس سے سماجی و اقتصادی ترقی کا ہدف حاصل ہو سکے گا، انہوں نے کہا کہ صوبے میں گڈ گورننس کے قیام کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کی دلچسپی کو قابل اطمینان قرار دیا انہوں نے وفاقی وزیر کو صوبے میں سماجی و اقتصادی ترقی ، گڈ گورننس کے قیام اور رواں مالی سال کے بجٹ میں شامل ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔