|

وقتِ اشاعت :   July 30 – 2016

مری : وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے،وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت مری میں اہم اجلاس ہوا جو 7گھنٹے سے زائد جاری رہا جب کہ اجلاس میں وفاقی وزرا سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں وفاقی وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور حکومت نے آئندہ 22 ماہ کے لیے پلان بھی تشکیل دیا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ میں بھی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے جو آئندہ ہفتے تک کی جائے گی۔ وفاقی حکومت کے 22 ماہ کے ایجنڈے میں وزیراعظم نوازشریف ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے، وزیراعظم روزانہ کی بنیاد پر ایسے منصوبوں کو بھی چیک کریں گے جو اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم موٹرویز، نئے اسپتال اور صحت کے منصوبوں کا بھی اعلان کریں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اگلے بائیس مہینوں کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی حکمت عملی بھی وضع کی گئی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو جاری توانائی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبے پر توانائی اور ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے مختلف ذمے داریوں کیلئے موزوں افراد کا چناؤ بھی کرلیا ہے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے آئندہ ماہ زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے دورں کابھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔