|

وقتِ اشاعت :   August 5 – 2016

کوئٹہ: کمانڈر سدرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور صوبے کے عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ اب ڈر کر نہیں جئیں گے۔ فرسٹ بلوچستان اوپن محمدعلی جناح شوٹنگ چمپیئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ بلوچستان خطے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور صوبہ اس وقت تاریخ کے اہم دور سے گزر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والےاداروں کی محنت سے آج صوبے میں اُمید کی کرن جگمگا رہی ہے لیکن ملک دشمن قوتیں اور ملک دشمن عناصر اپنی کوششوں میں مصروف ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل اور ملک کی ترقی اس سے وابستہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن اور اُمید کا سورج طلوع ہوچکا ہے اور صوبے کے عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ اب ڈر کر نہیں رہیں گے۔