|

وقتِ اشاعت :   August 6 – 2016

اسلام آباد : وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بلیک لسٹ میں موجود امریکی شہری کو دوبارہ پاکستان میں داخل ہونے پر اسلام آباد سے گرفتار کرلیا جب کہ اسے ائیرپورٹ سے کلئیر کرنے والے ایف آئی اے ملازمین کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق بلیک لسٹ میں موجود امریکی باشندہ میتھیو لینڈنگ کارڈ پر غلط کوائف درج کرکے داخل ہوا جس پر ایف آئی اے اسلام آباد نے فوری کاروائی کرکے اسے گرفتار کرکے امیگریشن سیل منتقل کردیا۔

مذکورہ امریکی شہری کو ائیرپورٹ پر ایف آئی اے کے سب انسپکٹر راجہ آصف اور اسکے بیٹے احتشام الحق کلیئر کیا جس کے بعد دونوں کے خلاف مقدمہ درج در کر لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی پر موجود اہلکار احتشام الحق کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ والد سب انسپکٹر راجہ آصف کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق میتھیو کو 2011 میں بلیک لسٹ کرکے پاکستان بدر کردیا گیا تھا اور بلیک لسٹ ہونے کے باوجود ہوسٹن میں پاکستانی مشن سے ویزہ جاری ہو گیا۔

ایف آئی اے نے ہیوسٹن میں وائس کونسل ویزا سعدیہ الطاف کو بھی بلیک لسٹ امریکی شہری کو ویزا جاری کرنے پر مقدمے میں نامزد کیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ معاملے میں ملوث اصل کردار کو بےنقاب کیا جائے گا۔