خیبر ایجنسی: پاک فوج کی جانب سے خیبر ایجنسی کی وادی راجگل میں فوج کے اضافی دستے تعینات کردیئے گئے جب کہ بلند پہاڑوں پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پاک افغان سرحد پردہشت گردوں کی نقل و حرکت پرنظررکھنے کے لئے آپریشن شروع کیا گیا ہے جب کہ خیبر ایجنسی کی وادی راجگال میں فوجی دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آرکے مطابق خیبرایجنسی میں بلند پہاڑوں پردہشت گردوں کی نقل وحرکت روکی جائے گی جب کہ پاک فوج کے دستے وادی کے تمام دروں میں دہشت گردوں کی نقل وحرکت پرکڑی نظررکھیں گے اور سرحد پر قائم چیک پوسٹوں پر بھی مزید فوجی دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سانحہ کوئٹہ کے بعد نیشنل ایکشن پلان سے متعلق وزیراعظم کی زیرصدارت 4 سے زائد اجلاس ہوچکے ہیں جس میں سیاسی و عسکری قیادت نے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کو نیشنل ایکشن پلان کمیٹی کا سربراہ مقررہ کرتے ہوئے بارڈرمینجمنٹ کے لیےسول آرمڈ فورسزکے 29 ونگ بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔