کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی زیرصدارت منگل کے روز سیکریٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کوئٹہ شہر کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے، مالی سال 2016-17ء کے پی سی ون کی تیاری سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایم بی آرقمرمسعودسمیت تمام سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے کہاہے کہ8اگست کے سانحہ پر پوری قوم سوگوار ہے۔اس طرح کی بزدلانہ کاروائیاں ہمیں مرعوب نہیں کرسکتیں قوم کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہمت وحوصلے سے ناکام بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی سیکیورٹی میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لئے مؤثر انتظامات کئے جائیں گے ۔ صوبے میں پرامن ماحول کے قیام کے لئے سیکیورٹی فورسز اور ایجنسیز ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں ۔ اس حوالے سے خاص کر سول سوسائٹی کو اپنا کردا ر ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی سیکیورٹی کو بہتر کرنے کے لئے سیکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے اور سیکیورٹی ایجنسیز کو تمام ممکنہ جدید ٹیکنالوجی فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ بہتر طریقے سے فرائض سرانجام دے سکیں۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے اس افسوسناک سانحہ پر بڑے صبروتحمل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سیکریٹریز اپنے اپنے محکموں کے سیکیورٹی نظام کو بہتر بنائیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات نے بتایا کہ مالی سال 2016-17ء میں 1035نئی اسکیمات کے لئے 53ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں 23اسکیموں کے پی سی ون محکمہ کو بھجوا دیئے گئے ہیں، چیف سیکریٹری نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ تمام محکمے اپنی اسکیموں کے پی سی ون تیار کرکے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کو بھجوائیں تاکہ جلد از جلد ان پر کام شروع کیا جائے اور ترقیاتی اسکیمات مقررہ وقت پر مکمل ہوسکیں۔ اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔