کوہلو : مری قبیلے کے سربراہ اور صوبائی وزیر آبپاشی نواب چنگیز مری نے کہا ہے کہ کاہان میں سابقہ دور میں جو آپریشن ہوا تھا اور مری قبیلے سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نقل مکانی کر کے چلے گئے تھے ان کو واپس لایا جائے گا تاکہ وہ اپنے علاقے کی ترقی میں دوبارہ حصہ لے سکیں ۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو کوہلو میں قبائلی عمائدین اوردیگر اعلیٰ حکام سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ نواب چنگیز مری نے کہا کہ ضلع کوہلو کو سابقہ دور میں ایک منصوبے کے تحت پسماندہ رکھا گیا اور جب اس علاقے میں آپریشن ہوا تو سینکڑوں کی تعداد میں مری قوم نقل مکانی کرکے چلی گئی تھی اور دوسرے علاقوں میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں ۔اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان مریوں کو واپس ان کے علاقوں میں لا کر آباد کیا جائے گاتاکہ وہ دوبارہ سے اپنے علاقے میں پرامن زندگی گزار سکیں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے علاقے میں عوام کے لئے صاف پانی بچوں کے لئے تعلیم اور ڈیم بنانا اس حکومت نے شروع کیا ہے جسے عام انتخابات سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ مری اقوام کو سابقہ دور میں جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا اور دوسری جانب ان کے خلاف آپریشن کیا گیا جس سے سینکڑوں کی تعداد میں مری کاہان سے نقل مکانی کرکے دوسرے علاقوں میں کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے تھے مگر اب ان لوگوں کو واپس دوبارہ ان کے علاقوں میں لاکر آباد کیا جائے گا اور ان کو زندگی کی تمام تر سہولتیں فراہم کی جائے گی جو ان کا بنیادی حق ہے نواب چنگیز مری نے کہاکہ ہم صوبے میں عوام کیلئے جو اقدامات اٹھا رہے ہیں یہ علاقے کے عوام پر کوئی احسان نہیں ہے بلکہ یہ ہمارا فرض ہے اور ان کا حق ہے کہ ان کو تمام مراعات دی جائے کیونکہ ہم نے ان سے انتخابات میں جو وعدے کئے تھے انہیں پورا کیا جائے گا۔ اس موقع پر مری قبیلے کے مختلف شاخوں کے قبائلی عمائدین نے نواب چنگیز مری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کاہان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کو واپس لانے کا فیصلہ کیا اس سے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ان کے آنے سے علاقہ مزید خوشحال اور ترقی کرے گا ۔