|

وقتِ اشاعت :   August 24 – 2016

کوئٹہ: قائمہ کمیٹی برائے مالیات ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ،بورڈ آف ریونیو اینڈ ٹرانسپورٹ کا اجلاس چیئر مین میر عامر خان رند کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی حاجی اسلام بلوچ ، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حامد الکریم، سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد خالد بلوچ سینئرممبر بورڈ آف ریونیوقمر مسعود ، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس لعل جان، سیکرٹری پرونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی عبدالخالق مندخیل ، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی امان اللہ پانیزئی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حامد الکریم نے کمیٹی کو اپنے محکمے سے متعلق بریفینگ دیتے ہوئے بیایا کہ صوبے بھر میں پراپرٹی کی تفصیلات جمع کرنے کیلئے سروے کیا جارہا ہے تاکہ پراپرٹی ٹیکس کا نفاذ جلد از جلد عمل میں لایا جاسکے۔ ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن موٹروہیکل ڈائریکٹوریٹ میں کسٹمر سروس سینٹر کے قیام کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ کسٹمرز کو درپیش مسائل کا حل ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے لوگوں پر واجب الادا ٹیکس کی وصولی کیلئے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کو متعارف کرایا جائے گا تاکہ لوگوں کی مشکلات میں کمی لائی جاسکے ۔ اس موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ محمد خالد بلوچ نے کمیٹی کو اپنے محکمے سے متعلق تفصیلاً آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمے کا بنیادی کام پبلک ٹرانسپورٹ کو روٹ پر مٹ جاری کرنے اور اس کی تجدید کرنے ، تیل کی قیمتیں کم یا زیادہ ہونے کی صورت میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نظر ثانی کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کوئٹہ شہر میں چلنے والے 11891رکشوں کو روٹ پرمٹ جاری کیے گئے ہیں تاہم مزید روٹ پرمٹ جاری کرنے پر عدالت عالیہ نے پابندی لگا رکھی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری فنانس لعل جان نے کمیٹی کو اپنے محکمے سے متعلق بھی تفصیلاً آگاہ کیا۔