|

وقتِ اشاعت :   August 27 – 2016

کوئٹہ :  بلوچ قوم پرست رہنماء نواب اکبر خان بگٹی کی دسویں برسی پر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں ہڑتال ہے۔ کاروباری مراکز بند اور سڑکوں پر ٹریفک بھی معمول سے کم رہا ۔ہڑتال کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ نواب اکبر بگٹی کی برسی پر جمہوری وطن پارٹی نے ہڑتال کی کال دی تھی جس کی حمایت قوم پرست جماعتوں اور دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی کی تھی ہڑتال کی کال پر مستونگ، قلات، خضدار،خاران، نوشکی ، بولان، سبی، نصیرآباد، پنجگور، تربت ، گوادر اور دیگر شہروں میں شٹرڈاؤن رہاجبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی نہ ہونے کے برابرتھی کوئٹہ میں بھی ہڑتال کی وجہ سے بعض چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہیں اور قومی شاہراہ پر ٹریفک بھی معمول سے کم تھی کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ، پولیس، اے ٹی ایف اور ایف سی کے اہلکار جگہ جگہ مشتبہ افراد کی تلاشی لیتے رہے ڈیرہ مرادجمالی میں بلوچستان کے سابق گورنر وممتازقوم پرست رہنماجمہوری وطن پارٹی کے قائد نواب اکبر خان بگٹی کی دسویں برسی کے موقع پرقوم پرست جماعتوں اور جمہوری وطن پارٹی کی کال پریوم سوگ کے طور پر مکمل شٹرڈاون ہڑتال کی گئی اور تمام کاروباری مراکز بند رہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی معمول سے کم رہی سرکاری دفاتر اور اسکولوں میں بھی حاضری انتہائی کم رہی کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری شہر کے اندر تعینات کیئے گئے تھے ،تفصیلات کے مطابق جمہوری وطن پارٹی کی اپیل پر ضلعی ہیڈکواٹرشہر صحبت پور میں نواب محمداکبر بگٹی کی دسویں برسی کے موقع پر پہیہ جام اور مکمل شٹرڈاؤں کیا گیا ۔شہر کے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے اور سڑکوں سے ٹریفک بھی غائب رہا۔تاہم دوپہر دوبجے کے بعد معمولات زندگی بحال ہوگئی ۔دکانیں ،دیگر کاروباری مراکز کھلنے لگے اور ٹریفک معمول کے مطابق بحال ہو گیا۔