کراچی: ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ایک بار پھر الطاف حسین سے قطع تعلق کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ اب ہمارا لندن اور ایم کیوایم کے بانی سے کوئی تعلق نہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیوایم کے بانی کو الطاف بھائی کہنے کے بجائے ’’الطاف صاحب‘‘ پکارا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ لندن اور الطاف حسین سے اب ہمارا کوئی تعلق نہیں، قطع تعلق کا مطلب ہے ڈسکنیکٹ اور ٹوٹل ڈسکنیکٹ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فیصلوں اور پالیسیوں کا اب لندن سے کوئی تعلق نہیں، اگر اب بھی کوئی گمراہ ہونا چاہتا ہے تو بڑے شوق سے ہو۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پوری ایم کیوایم نے لندن سے رابطہ ختم کردیا ہے، اب لندن والوں کا ہمارے معاملات سے کوئی تعلق نہیں، پوری ایم کیوایم یہاں موجود ہے اور فیصلے کا اختیار اپنے ہاتھ میں لیا ہے، کہیں سے کوئی ڈکٹیشن لینے کے روادار نہیں نہ وہاں کے نہ یہاں کے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کےذریعے کنفیوژن پھیلایا جارہا ہے، ایسا محسوس ہتا ہے کہ وکٹامائزیشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے، نائن زیرو غیر آئینی غیر قانونی طور پر سیل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک انتخابی مینڈیٹ کا اسٹیٹس قائم ہے ہمیں پچھلے مینڈیٹ سے تسلیم کیا جائے، ہم سیاسی اونر شپ مانگ رہے ہیں جو ہمارا سیاسی اور جمہوری حق ہے۔
فاروق ستار کا لندن اور الطاف حسین سے مکمل لاتعلقی کا اعلان
وقتِ اشاعت : August 27 – 2016