|

وقتِ اشاعت :   August 29 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ آج سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلوائیں تاکہ انہیں اس موذی مرض سے محفوظ رکھنا ممکن ہو سکے، وزیراعلیٰ نے علماء کرام ، سیاسی و قبائلی عمائدین، بلدیاتی اداروں کے اراکین اور معاشرے کے تمام حلقوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کریں، وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ پولیو مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے تمام دور دراز علاقوں تک پولیو ٹیموں کی رسائی یقینی بنایا جائے اور پولیو ٹیموں کو بھرپور سیکورٹی بھی فراہم کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیو ایک سماجی کمزوری ہے جس سے ناصرف ہمارے مستقبل کو خطرات لاحق ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ہمارے لیے باعث بدنامی ہے اس کمزوری پر قابو پانے کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر فرد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہمارا ویژن ایک پرامن ، ترقی یافتہ اور پڑھا لکھا بلوچستان ہے اس کے ساتھ ساتھ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک صحت مند مستقبل دے کر بلوچستان کو مجموعی طور پر توانا بنانا چاہتے ہیں۔اس کے لیے حکومت اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران بلوچستان میں پولیو کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جو چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی زیرنگرانی متعلقہ محکموں اور اداروں ،رضا کار ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ کی اچھی کارکردگی کا ثبوت ہے ،اس کارکردگی کو برقرار رکھ کر ہم بلوچستان کو پولیو سے مکمل پاک کرنے کا ہدف حاصل کر سکتے ہیں جو ایک بڑی کامیابی ہوگی۔