|

وقتِ اشاعت :   August 30 – 2016

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدرسرداریار محمد رند نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف پی ٹی آئی کی 3ستمبر کی احتساب ریلی موجودہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی وزیراعظم کے احتساب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے مجوزہ ریلی میں شرکت کیلئے پی ٹی آئی بلوچستان کے تمام عہدیدار اور ذمہ دار لاہور جائیں گے جہاں ریلی میں بلوچستان کی بھر پور نمائندگی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو تحریک انصاف کی صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاسرداریارمحمد رند نے کہا کہ پی ٹی آئی کرپشن اور بدعنوانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی اور اپنے پروگرام کے مطابق حکومت کے خلاف احتجاجی پروگرام جاری رکھے گی اس سلسلے میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے سامنے پی ٹی آئی نے واضح آپشن رکھا ہے اب اگر کوئی ہمارے ساتھ نہ بھی آئے ہم تن تنہا بھی حکومت کے خلاف تحریک ضرور چلائیں گے تاکہ پانامہ لیکس کے معاملات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ غریب اور امیر کے مابین امتیازی قوانین ناقابل قبول ہیں اس ملک پر غریب کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کہ ایک امیرزادے کا ہے آئین میں تفویض شدہ حقوق کی یکساں فراہمی اور پاکستان کو کرپشن کے عفریت سے نجات دلانے کیلئے جدوجہد سے کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بلوچستان کے کارکن 3ستمبر کی ریلی کو کامیاب کرنے کیلئے اپنی حکمت عملی واضح کرکے صوبائی سیکرٹریٹ کو آگاہ کریں تاکہ ریلی سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دی جاسکے۔