نئی دلی: امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے اور پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف موثر انداز میں کارروائی بھی کی ہے۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں اورنئی دلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت زیادہ نقصان اٹھایا لہذا ہم سب کو پاکستان کا ساتھ دینا چاہیے جب کہ ہمیں اس بات کو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ عمل کس حد تک مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ سے پاکستان نے دہشت گردوں کے خلاف موثر انداز میں کارروائی کی ہے اور پاکستان امن کی طرف بڑھ رہا ہے۔
جان کیری نے جہاں پاکستان کے کردار کی تعریف کی وہیں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ابھی بھی دہشت گردی کے خلاف بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، بالخصوص پاکستان میں موجود طالبان گروپوں کے خلاف ۔ ان کا کہنا تھاکہ امریکا نے اسلام آباد پر واضح کردیا ہے کہ پاکستان کو طالبان ، حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ جو کہ پاکستان سے کام کررہی ہیں، ان کے خلاف موثر کارروائی کرنی چاہیے کیونکہ یہ گروپس سرحد پار بھارت اور افغانستان پر حملوں میں ملوث ہیں۔