|

وقتِ اشاعت :   September 2 – 2016

کوئٹہ: قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ میں لیویز حوالات سے دو خطرناک قیدی فرار ہوگئے۔ غفلت برتنے پر لیویز اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔ لیویز کے مطابق مفرور دہشتگرد احسان اللہ ولد حاجی باز خان شمل زئی اور سعید اللہ ولد حاجی عبدالرشید ناخیل افغانستان کے صوبے زابل کے رہائشی تھے اور عارضی طور پر زیارت میں رہائش اختیار کئے ہوئے تھے۔ انہیں رواں سال 26جولائی کو ایف سی نے ایک کارروائی کے دوران قلعہ سیف اللہ کے علاقے مرغہ فقیر زئی سے گرفتار کرکے لیویز کے حوالے کردیا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے دھماکا خیز مواد برآمد ہوا تھا۔ ملزمان کے خلاف دفعہ 3,4ایکسپلوزیو ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر87/16درج کیا گیا تھا۔ دونوں دہشتگرد جمعرات کی صبح تقریباً دس بجے اس وقت فرار ہوئے جب لیویز اہلکار انہیں لاک اپ سے نکال کر بیت الخلاء کی طرف لے کر جارہے تھے۔ لیویز نے دونوں مفرور دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کردی جبکہ پولیس کے ساتھ ملکر چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر مسلم باغ ممتاز کھیتران کے مطابق واقعہ میں غفلت برتنے پر لاک اپ وارڈ ن لعل محمد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائیگا۔ واقعہ کی تحقیقات کا حکم بھی دیدیا گیا ہے۔