فیصل آباد: وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد آسان اہداف حاصل کررہے ہیں مگر بہت جلد ان کا صفایا کردینگے ،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہم اپنے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،کراچی کے حالات بہتر ہورہے ہیں، کراچی اپنا کھویا ہوا مقام اور روشنیاں جلد دوبارہ حاصل کرلے گا،پاکستان کی ترقی کی منزلیں طے کررہا ہے، پی آئی اے اور ریلوے سمیت قومی ادارے ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکے ہیں،اندھیرے میں ملک ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان کو اندھیروں کی طرف دھکیلنے والی حکومتوں سے جواب مانگا جائے،(ن)لیگ حکومت نے مختصر عرصے میں بجلی بحران پر قابو کافی حد تک قابو پالیا ہے،2017ء میں بجلی بحران کم جبکہ 2018ء میں اس کا مکمل خاتمہ ہوجائیگا۔وزیراعظم نے فیصل آباد میں نجی شعبے میں کوئلے سے چلنے والے 40میگا واٹ کے بجلی گھر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی منزلیں طے کررہا ہے اور کوئلے سے چلنے والا بجلی گھر 40میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا ،پلانٹ دیکھ مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے ، دو اڑھائی سال پہلے لوگ بجلی کو ترستے اور ملک میں بارہ بارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن آج ملک میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال بہتر ہے ، ملک کے صنعتی شعبوں کو بلاتعطل بجلی اور گیس فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ بجلی میں اتنا بڑا فرق ہو گا، ہم نے مختصر عرصے میں بجلی بحران پر قابو کافی حد تک قابو پالیا ہے اور2017ء میں بجلی بحران کم جبکہ 2018ء میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا سال ہو گا ، انہوں نے کہاکہ ہمارا مقصد صرف بجلی کی قلت کو ختم کرنا ہی نہیں بلکہ بجلی کی قیمتوں کو کم کرنا بھی ہے تاکہ ملک میں مصنوعات سستی ہوں اور ریونیو بڑھے ۔انہوں نے کہاکہ جب ملک میں ریونیو بڑھے گا تو ملک میں صحت اور انفراسٹرکچر بڑھے گا ۔انہوں نے کہا کہ اندھیرے میں ملک ترقی نہیں کرسکتا، ملک کو اندھیروں کی طرف دھکیلنے والی حکومت سے جواب مانگا جائے کہ انہوں نے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے کیوں کوئی اقدام نہیں اٹھایا ۔انہوں نے کہاکہ 1999ء میں جہاں موٹروے چھوڑی تھی وہیں کی وہیں رکی تھی لیکن آج ہم نے لاہور سے ملتان اور ملتان سے سکھر اور کراچی سے حیدر آباد موٹروے شروع کردی ہے ، مجھے اس بات پر فخر ہے کہ بہت جلد کراچی سے پشاور تک موٹروے ہوں گے ، ہم نے ہزارہ موٹروے پر کام شروع کردیا ہے جو اگلے سال مکمل ہو جائیگا، شور کورٹ سے خانیوال تک موٹروے بنائیں گے ۔وزیراعظم نے کہا کہ موٹروے ہوں گی تو کاشتکار اپنے اجناس منڈیوں تک پہنچا سکیں گے اور ہم کھیت سے منڈیوں تک سڑکوں کا مربوط نظام بنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ 1999ء میں وسطی ایشیاء میں پاکستان آگے تھا لیکن ماضی کی حکومت نے اسے پیچھے دھکیل دیا ، سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں کم عدم تسلسل پاکستان کو لے بیٹھامگر ہم نے آج پھر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے ، ملک کی کرنسی پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے کونے کونے میں موٹروے اور ہائی ویز بن رہی ہیں ، بجلی کے کارخانہ ایک جگہ نہیں درجنوں جگہ لگائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ریلوے کافی بہتر ہو گیا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ تھر میں کوئلے سے بجلی بن رہی ہے اور ہم اپنے ملک کا کوئلہ استعمال کررہے ہیں ، افسوس اس بات کا ہے کہ پاکستان کو بنے ستر سال ہو گئے لیکن اس کا کوئلہ استعمال نہیں ہورہا تھا ،ایل این جی ، سولر اور کول بیس ہیں۔انہوں نے کہاکہ بجلی کی اووربلنگ روکنے کے لئے موبائل مانیٹرنگ شروع کردی ہے جس سے لوگوں کی اوور بلنگ پر نظر رکھی جائے گی اور ان کی شکایات کو دور کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہاکہ خسارے کے شکار قومی اداروں کو ان کے پاؤں پر کھڑا کررہے ہیں جس کا پی آئی اے اور ریلوے منہ بولتا ثبوت ہے ، پی آئی اے کو دنیا کی بہترین آئرلائن بنائیں گے اور پریمیئر سروس اسی کی ایک کڑی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کے نئے جہاں فیصل آباد سے بھی اڑا کریں گے ، یورپ ، کینیڈا، امریکہ اور دیگر ممالک جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے حالات بہتر ہورہے ہیں اور وقت آنے والا ہے کہ کراچی اپنا کھویا ہوا مقام اور روشنیاں دوبارہ حاصل کرلے گا، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہم اپنے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ہم بہت جلد ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کردیں گے ۔مردان دھماکے سے متعلق انہوں نے کہاکہ خدا شہید ہونیوالوں کو جنت میں جگہ دے اور ان کے گھروالوں کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد آسان اہداف حاصل کررہے ہیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنا چاہتا ہوں ، اسی سلسلے میں بہت جلد ایک پروگرام شروع کیا جائے گا جس میں صاف پانی کی فراہمی اور علاج معالجے کی سہولیات میسر ہوں گی ۔انہوں نے کہاکہ ہم پورے ملک میں 40بڑے ہسپتال بنائیں گے جس سے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم ہوگی ۔قبل ازیں وزیر اعظم نواز شریف نے ستارہ کیمیکل انڈسٹری فیصل آباد میں کول پاور کے ذریعے تیار ہونے والی 40 میگاواٹ بجلی کے پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا ۔