|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2016

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی زیرصدارت گوادر ماسٹر پلان کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ جاری منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بناکر گوادر کے عوام کو پانی ، بجلی مواصلات اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔چےئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمر مسعود، سیکرٹری مواصلات، ڈی جی جی ڈی اے اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی جی ڈی اے نے بتایا کہ گوادر ماسٹر پلان کے تحت سڑکوں ، سکول ،ہسپتال ،سپورٹس سٹیڈیم اور فش ہاربر کی تعمیر کے منصوبوں پر کام جاری ہے اب تک 384کلو میٹر میں سے 200کلو میٹر سڑکیں تعمیر کی جاچکی ہیں جبکہ سر بندر میں دسمبر2016اور پشیکان میں جون2017تک فش ہاربر کا کام مکمل کرلیا جائے گا انہوں نے بتایا کہ جی ڈی اے ہسپتال میں عملے کی تعیناتی کا عمل شروع کیا جاچکا ہے تاہم دیگر امور اور ادویات و آلات کیلئے اضافی فنڈز کی ضرورت ہے چیف سیکرٹری نے انہیں ہدایت کی کہ ہسپتال سے متعلق تمام متعلقہ امور نمٹانے کیلئے مدت کا تعین کیا جائے سیکرٹری پی ایچ ای نے اجلاس کو گوادر، پسنی اور جیونی میں پانی کی فراہمی کے زیر تکمیل اور مجوزہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ شادی کور ڈیم کی تکمیل اور اس میں پانی آنے سے پسنی میں پانی کا مسئلہ حل ہوگیا ہے چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب کے جاری منصوبوں کی تکمیل کی مدت کا تعین کیا جائے اور سیکرٹری پی ایچ ای ور ڈی جی جی ڈی اے جیونی میں پانی کی فراہمی کے حوالے سے سفارشات تیار کریں۔ چےئرمین جی پی اے نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ گوادر میں گوادر فری زون کا سنگ بنیاد رکھنے سے سرمایہ کاری کے فروغ میں اضافہ ہوا ہے اور سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد گوادر آرہی ہے انہوں نے فری زون کی اراضی سے متعلق امور سے بھی تفصیلاً آگاہ کیا ۔چیف سیکرٹری بلوچستان نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ گوادر ماسٹر پلان کے جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کو بھی سہولیات مل سکیں۔