کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے تمام صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کے حوالے سے دلچسپی رکھنے والی مختلف ملکی وغیرملکی کمپنیوں کی بریفنگ کے موقع پر کہا کہ کوئٹہ کو دنیا کے دیگر بڑے شہروں کی طرح مکمل طور پر محفوظ بنانے کا تہیہ کررکھا ہے اور اس سلسلے میں کسی تساہل اورغفلت کی قطعی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، آئی جی پولیس، سیکرٹری داخلہ ، ڈی آئی جی ایف سی، سمیت دیگر متعلقہ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروجیکٹ میں دلچسپی کا اظہار کرنے والی مختلف کمپنیوں نے الگ الگ بریفنگ دی۔ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت کوئٹہ میں 1400سے زائد کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ فائبر آپٹک کا استعمال ہوگا اور کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جبکہ عوام کے جان ومال کے تحفظ اور نگرانی کے نظام کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جانا بھی پراجیکٹ میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خطیر رقم کے اس پروجیکٹ پر عملدرآمد کی جامع منصوبہ بندی کی جائے اور اس پر ضروری ابتدائی عملی اقدامات کرکے فوری طور پر اس کا آغاز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبہ جس بھی کمپنی کو ملے وہ مقامی پولیس حکام اور متعلقہ اہلکاروں کی ضروری تربیت مہیا کرکے پراجیکٹ کوچلانے کے قابل بنائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا تہیہ کررکھا ہے اور اپنے عوام کے تعاون سے ہم اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ پر جلد شفاف اور منصوبہ بند عملدرآمد کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کے حوالے سے دلچسپی رکھنے والی تمام فرموں کی تجاویز اور منصوبہ بندی کے حوالے سے بریفنگ کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی تھی