کوئٹہ: ضلع کیچ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل اور ایک کو زخمی کردیا۔ دو افراد کو اغواء بھی کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت سے تقریباً ستر کلو میٹر دور سب تحصیل بلنگور کے علاقے کاشاپ میں نامعلوم افراد نے افضل ولد لیاقت نامی شخص کو اغواء کرنے کی کوشش کی ۔مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کرکے احمد ولد ولی محمد کو قتل جبکہ جلیل ولد جلال کو زخمی کردیا اور افضل کو اغواء کرکے اپنے ساتھ لے جانے میں فرار ہوگئے۔ ملیویز کے مطابق اغواء کاروں کی تعداد بیس سے زائد تھی جو چھ موٹر سائیکلوں اورایک لینڈ کروزر گاڑی پر سوار تھے۔ اغواء کا ایک اور واقع تربت سے تقریباً چودہ کلو میٹر دور مشرق میں شاہ آباد میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے نیشنل پارٹی کے رہنماء غلام قادر بلیدی کو اغواء کرلیا اور فرار ہوگئے۔ اغواء کاروں کی تعداد چار تھی جو دو موٹرسائیلوں پر سوار تھے ۔