|

وقتِ اشاعت :   September 11 – 2016

راولپنڈی/گیاندری : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور پنجاب کے سرحد ی علاقے گیاندری میں کومبنگ آپریشن کرتے ہوئے 8دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ،اس دوران متعدد دہشت گرد اور فراری گرفتار کرلئے گئے جن کے قبضے سے بھاری اسلحہ وگولہ بارود بھی بر آمد کیاگیا ہے ، اس دوران ایک سیکیورٹی اہلکار نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز بلوچستان اور پنجاب کے سرحدی علاقے گیاندری میں کومبنگ آپریشن کررہی ہیں ۔ آپریشن گیاندری کے علاقے میں کیا گیا۔ آپریشن کے دوران متعدد دہشت گردوں اور فراریوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارودبھی برآمد کیاگیا ہے جبکہ اس دوران ک سیکیورٹی اہلکار نے بھی جام شہادت نوش کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق علاقے میں آپریشن جاری ہے،دریں اثناء ملک بھر میں سکیورٹی اداروں نے کومبنگ و سرچ آپریشنز کے دوران150ملزمان کو گرفتارکرلیا ، فائرنگ کے تبادلے میں3دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا،12زخمی ہو گئے ، اسلام آباد سے 34 ، فیصل آباد سے 96،راجن پور سے 15، بنوں 6دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا ،حراست میں لئے گئے افراد بھاری مقدار میں اسلحہ ، گولہ بارود اور مذہبی لٹریچر بھی برآمد کرلیا گیا۔ آن لائن کو ملک بھر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق رینجرز نے راجن پور کے علاقوں سالیگان گندھاری ، پٹرکری میں کالعدم جماعت بلوچ ری پبلکن آرمی کے فراریوں کے خلاف کارروائی کی جس اس دوران رینجرز کو ہیلی کاپٹر کی بھی مدد حاصل رہی ہے ۔رینجرز کی کارروائی کے دوران فراریوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے رینجرز نے 10 فراریوں کو دھر لیا ، جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارودی برآمد کرلیا گیا ۔ذرائع کے مطابق دہشت گرد ونڈ پاور پراجیکٹ کو ہدف بنانا چاہتے تھے اور خفیہ اطلاعات پر ان کیخلاف آپریشن کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق رینجرز اور سکیورٹی ادارے عید الاضحی کے بعد بلوچستان سے فرار ہونیوالے دہشت گردوں چھوٹو گینگ کے بچے کھچے کارندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کریں گے ۔جن علاقوں میں آپریشن کیا جائے گا ان میں راجن پور ، رحیم یار خان ،بہاولپور سمیت دیگر چھوٹے بڑے علاقے شامل ہیں ۔سی پی او فیصل آباد افضال کوثر کے مطابق ضلع بھر میں ایس پی صاحبان کی سربراہی میں کئی مقامات پر سرچ آپریشن کئے گئے اور 417 افراد کو بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے تصدیق کیا گیا۔ مشکوک سمجھے جانے والے 96 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ سی پی او فیصل آباد کے مطابق حراست میں لئے جانے والے افراد سے 13 پسٹل ، 8 پمپ ایکشن ، 9 کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ وفاقی پولیس، رینجرز اور حساس اداروں نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں مشترکہ سرچ آپریشنز کے دوران بارہ افغانیوں سمیت 34 مشکوک افراد گرفتار کر لئے ، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کیا گیا۔ایک اور کارروائی کے دوران گولڑہ ریلوے اسٹیشن، بنی چوک اور ملحقہ علاقوں سے دو افغانیوں سمیت چھ مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے دو پستول ، چرس اور ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں سے اکثریت کے پاس شناختی دستاویزات موجود نہیں تھے جنہیں مزید پوچھ گچھ کیلئے متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ کراچی کے علاقے گلشن اقبال پولیس نے کارروائی کر کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کراچی گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 2 کلاشنکوف اور پستول برآمد ہوا۔ ملزمان ٹارگٹ کلنگ اور فورسز پر حملے میں ملوث ہیں۔ ملزم انورعرف موٹا ، عیبید اللہ اور مستلعین شاہ شامل ہیں۔ ملزمان جہادی تنظیموں کے لئے فنڈنگ بھی کرتے ہیں۔بنوں اور اس کے ملحقہ علاقوں میں منڈان پولیس نے دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کے دوران 10اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا ، جن کے قبضے سے چار کلاشنکوفیں ، پانچ بندوقیں ،18پستول اور 446کارتوس برآمد کرلیے۔