|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2016

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے پولیس اور انتظامیہ سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو عید الاضحی کے موقع پر سیکورٹی کے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے نماز عید کے لئے عید گاہوں کی موثر سیکورٹی اور نگرانی کے ساتھ ساتھ پارکوں ، تجارتی مراکز اور عوامی مقامات پر سیکورٹی کے اضافی انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے عید کے موقعے پر امن وامان برقرار رکھنے کے لئے تیار کئے گئے لائحہ عمل پر بھر پور طریقے سے عملدرآمد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے آئی بی پولیس سے کہا گیا ہے کہ شہر کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو اپنے اپنے علاقوں میں اضافی نفری کی تعیناتی ، گشت میں اضافے اور تمام سیکورٹی انتظامات کی موثر نگرانی کو یقینی بنانے کا پابند کیا جائے ہر ایس ایچ او اپنے تھانے کے حددو میں امن و امان برقرار رکھنے کا ذمہ دار اور جواب دہ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس کے محترک اور فعال کردار کو سراہتے ہوئے اس توقع کا اظہار بھی کیا ہے کہ پولیس اہلکار و آفیسران اپنی فرض شناسی کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کے ا عتماد اور پولیس فورس کی نیک نامی میں اضافہ کرینگے اور تمام ڈویژنل کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز ، ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز دی گئی ہدایات کے مطابق عید کے دوران اپنی اپنی جائے تعیناتی پر حاضر رہ کر فرائض کی ادائیگی جاری رکھیں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے عید الاضحی کے موقع پر کوئٹہ سمیت تمام شہروں اور میونسپل کمیٹیوں کی حدود میں صفائی کے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری بلدیات اور محکمے کے اہلکاروں کی جانب سے صوبہ بھر جاری خصوصی مہم کی تعریف کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مہم کو دوران عید بھی جاری رکھا جائے ۔انہوں نے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کی صفائی مہم کی نگرانی کی ہدایت بھی کی ہے۔دریں اثناء صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں عیدالضحیٰ کے موقع پر امن وامان کو برقراررکھنے کیلئے پولیس کی جانب سے خصوصی سیکورٹی کے انتظامات کر تے ہوئے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ کے علاوہ 61 مقامات پر ناکے اور 63 گاڑیاں117 موٹرسائیکلوں کے علاوہ 100 ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کی روانی کیلئے تعینات کئے گئے ہیں جبکہ 177 عید گا ہوں پر 1786 اہلکار اور آفیسران تعینات ہونگے جبکہ 12 اہم عید گا ہوں اور امام بار گاہوں پر سیکورٹی گیٹس بمعہ اسپیشل برانچ کا تربیت یافتہ عملہ بھی تعینات ہو گا اور فرنٹیئر کور پولیس کے جوان مشترکہ گشت بھی کریں گے اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز ریجنل پولیس آفیسر وڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کی صدارت میں انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان احسن محبوب کی عید الا ضحی کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے خصوصی ہدایت پر منعقدہ اجلاس کے دوران کیا گیا اجلاس میں ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ ندیم حسین ایس ایس پی انو سٹی گیشن ظہور احمد آفریدی سمیت تمام ایس پیز ، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز شریک تھے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ عید الضحیٰ کے موقع پر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنا نے کیلئے پولیس اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہے اور سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کا نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے اس لئے شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ کے ساتھ ساتھ کوئٹہ شہر کے 61 مقامات پر ناکے لگا کر چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے اور شہر میں 63 گاڑیاں117 موٹرسائیکلیں خصوصی طور پر گشت کر رہی ہے جن کی معاونت کیلئے انسداد دہشتگردی فورس آر آر جی ،کیو آر ایف بھی تعینات کی گئی ہے کوئٹہ میں 117 عید گا ہوں پر 1786 آفیسران اور جوان ڈیوٹی سرانجام دینگے اس کے علاوہ فرنٹیئر کور اور پولیس کے جوان مشترکہ گشت بھی کرینگے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حساس عید گاہوں ، امام بار گاہوں میں فرنٹیئر کور کے جوان تعینات کئے گئے ہیں اور آج سے تمام حساس عید گاہوں اور امام بار گاہوں میں سادہ لباس میں ملبوس جوانوں کو تعینات کی گیا ہے 12 اہم عید گا ہوں، امام با ر گاہوں پر سیکورٹی گیٹس اور اسپیشل برانچ کا تربیت یافتہ عملہ بھی تعینات رہے گا اس کے علاوہ کوئٹہ شہر کے11 مقامات پر بکرا منڈیاں لگائی گئی ہے جہاں پر پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں شہر میں ٹریفک روانی کو یقینی بنا نے کیلئے100 ٹریفک پولیس اہلکار تعینات ہے انہوں نے شہریوں سے گزارش کی کہ وہ شہر میں ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کے علاوہ ان کی مدد کرے تاکہ ارد گرد کسی بھی پڑی ہوئی مشکوک اشیاء اور شخص پر کھڑی نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فور طور پر پولیس کنٹرول، فرنٹیئر کور کی ہیلپ لائن اور مدد گار سینٹر پر اطلاع دے اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائیگاانہوں نے کہا کہ سماج اورملک دشمن عناصر سے سختی سے نمٹا جائیگا تاہم شہری پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بھی ملک دشمن عناصر کی سازش کو بروقت کا رروائی کر تے ہوئے ناکام بنایا جائے۔