|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2016

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی جانب سے صوبے میں نایاب پرندوں اور جانوروں کے غیرقانونی شکار اور غیرقانونی طور پر درختوں کی کٹائی کے عمل کی روک تھام کے لئے قانون سازی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ انہوں نے محکمہ جنگلات وجنگلی حیات اور محکمہ امور حیوانات کو کوئٹہ میں چڑیا گھر کے قیام کے لئے موزوں اراضی کے حصول کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام الناس بالخصوص بچوں کی تفریح کے لئے چڑیا گھر اور اس سے ملحقہ پارک کے قیام کے لئے ضروری فنڈز فراہم کرے گی۔ گذشتہ دنوں منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں اور تمام ضلعوں کی انتظامیہ کو جنگلی حیات کے تحفظ اور جنگلات کے فروغ کے ساتھ ساتھ زیارت، شعبان اور ہربوئی سمیت دیگر علاقوں میں درختوں کی کٹائی کی روک تھام کے لئے سخت ترین اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے عوامی سطح پر مؤثر آگاہی مہم شروع کرنے، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر سیمیناروں اور تعلیمی اداروں میں تقریبات کے انعقاد کی ہدایت بھی کی ہے۔ چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ اور دیگر سول وعسکری حکام اجلاس میں شریک تھے۔