|

وقتِ اشاعت :   September 24 – 2016

کو ئٹہ:کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افرد کی فائرنگ سے سب انسپکٹر جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق تھانہ زرغون آباد کی حدود نواں کلی میں آخری بس اسٹاپ کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے سب انسپکٹر محمد ظفر وزیر کو اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو ضروری کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کردیاگیا۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ مقتول محمد ظفر وزیر سی آئی اے پولیس میں سب انسپکٹر تھے اور وہ شہر سے بازار کی طرف آرہے تھے۔ مقتول کے بھائی ایس ایچ او عبدالخالق بھی چند سال قبل ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہوئے تھے۔ دریں اثناء سب انسپکٹر محمد ظفر کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی ۔ جنازہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور دیگر سول و فوجی حکام کے علاوہ مقتول کے لواحقین نے شرکت کی۔ اس موقع وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے مقتول سب انسپکٹر کے بیٹے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ ملک کی خاطر جان نثار کرنے والے شہید سیکیورٹی اہلکار ہمارے ہیرو اور محسن ہیں، صوبائی حکومت قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچا کر ورثاء کو انصاف فراہم کرے گی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی کاروائیوں میں شہید ہونے والوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائیگا۔ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر شہداء کے ورثاء کو انصاف فراہم کیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس انسپکٹر ظفر وزیر کے صاحبزادوں کو یقین دلایا ہے کہ ان کے والد کے قاتلوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا، وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید مزمت کی ہے، شہید انسپکٹر کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد وہ شہید انسپکٹر کے صاحبزادوں سے بات چیت کر رہے تھے، وزیراعلیٰ نے ان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کی شہادت صوبے کے عوام کے لیے باعث فخر ہے، جنہوں نے فرائض کی ادائیگی میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے، نماز جنازہ میں آئی جی پولیس احسن محبوب، ایڈیشنل آئی جی ایوب قریشی، ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور دیگر پولیس حکام نے بھی شرکت کی۔ نماز جنازہ پولیس لائن کوئٹہ میں ادا کی گئی۔